Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آریان خان کی والدین سے ’10 منٹ تک‘ ویڈیو کال پر بات چیت

جیل حکام نے قیدیوں کے لیے اپنے اہل خانہ سے بات چیت کے لیے ویڈیو کال کی سہولت گذشتہ سالمتعارف کرائی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے ’کنگ‘ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے 12 دن بعد ان کی آرتھر روڈ جیل میں اپنے والدین سے پہلی بار موبائل کے ذریعے ویڈیو کال پر بات ہوئی ہے۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جیل حکام کی جانب سے قیدیوں کے لیے اپنے اہل خانہ اور وکلا سے بات چیت کے لیے یہ سہولت گذشتہ سال وبا کے دنوں میں متعارف کرائی گئی تھی۔
جیل کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ ’آریان نے اپنی والدہ کا نمبر دیا، انہوں نے اپنی والدہ اور والد سے 10 منٹ تک ویڈیو کال پر بات کی۔‘
قواعد کے مطابق وہ افراد جن کا ٹرائل چل رہا ہو اپنے اہل خانہ یا وکلا سے جیل میں پولیس کانسٹیبل کی موجودگی میں ایک مہینے میں دو یا تین بار بات کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب آریان خان اور اس کیس میں گرفتار دیگر چھ ملزمان کو جیل کے قرنطینہ سیل سے جنرل سیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
جیل میں لائے جانے والے نئے قیدی کو تین سے پانچ دنوں کے لیے قرنطینہ سیل میں رکھا جاتا ہے جس کے بعد اس کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر جنرل سیل میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔

آریان خان اور اس کیس میں گرفتار دیگر چھ ملزمان کو جیل کے قرنطینہ سیل سے جنرل سیل میں منتقل کر دیا گیا ہے (فوٹو: بالی وڈ لائف ڈاٹ کام)

گذشتہ سال جون میں مہاراشٹر میں کورونا کی وبا کی وجہ سے جیل میں قیدیوں کی اپنی اہل خانہ اور وکیلوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بند کر دیا گیا تھا اور انہیں موبائل فون کے ذریعے رابطے کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ممبئی کی سیشن عدالت نے بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر تک محفوظ کیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے عدالت کو بتایا  ہےکہ ’شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ آریان خان باقاعدگی سے منشیات لیتے تھے، انہیں ضمانت نہیں ملنی چاہیے۔‘
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ’اگر آریان خان کے روابط ثابت ہو گئے تو انہیں لمبے عرصے کے لیے سزا مل سکتی ہے۔‘
شاہ رخ خان کے بیٹے کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ 

شیئر: