Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا یہ شاہ رخ خان کو کمزور کرنے کی کوشش ہے؟

انڈین اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو اکتوبر کو ایک کروز سے چھ مزید افراد کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ آریان خان کی فون چیٹ سے پتہ چلا ہے کہ ان کی بین الاقوامی منشیات فروشوں سے پیسوں اور ڈرگز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
ممبئی کی عدالت نے انہیں سات اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ تاہم اب این سی بی کا کہنا ہے کہ اس کے افسران کو آریان خان کے پاس سے منشیات نہیں ملی۔
اس معاملے کو انڈین میڈین نے کافی کوریج دی جس کے بعد کچھ دن تو سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان پر تنقید ہوتی رہی، تاہم اب لگتا ہے کہ بالی وڈ کے بادشاہ کے پرستاروں نے ٹھان لی ہے کہ انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کو کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑنا۔
سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر ’آئی سٹینڈ ود ایس آر کے‘ ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک ہے۔
اس کے علاوہ ممبئی میں شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت کے باہر فینز ان سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے جمع ہوئے اور ایک بینرز بھی گھر کے باہر چھوڑ گئے۔
اس بینر پر انگریزی میں لکھا تھا کہ ’دنیا کے ہر کونے سے آپ کے فینز آپ سے پیار کرتے ہیں اور یہ غیر مشروط ہے۔‘
’ہم امتحان کے اس وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
اس کیس کے حوالے سے ٹوئٹر پر کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ آریان خان کو صرف شاہ رخ خان کو کمزور کرنے کے لیے اس مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے۔
ونگ کمانڈر (ریٹائرڈ) انوما اچاریا نے اپنی ایک ٹویٹ میں آریان خان کے حوالے لکھا کہ ’وہ 23 سال کا ہے اور نشے کا عادی نہیں ہے۔‘
’یہ ایک نوجوان کی کردار کشی کرنے کی واضح کوشش نظر آتی ہے صرف ایس آر کے (شاہ رخ خان) کو کمزور کرنے کی۔‘
بالی وڈ کی ایک اور مشہور شخصیت کمال خان نے لکھا کہ ’اگر کوئی شاہ رخ خان کو جھوٹے الزامات لگا کر انہیں نیچے گرانا چاہتا ہے تو میں غیر مشروط طور پر ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘
دبنگ فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والے سونو سود نے بھی ہندی زبان میں شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’سچ سامنے آنے میں وقت لگتا ہے، آپ خود خدا نہ بنیں۔‘
آریان خان کے خلاف اس مقدمے پر اب تک شاہ رخ خان یا ان کی بیوی فلم پروڈیوسر گوری خان کا اب تک کوئی براہ راست بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

شیئر: