Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا میں کمی: ملک میں ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش ختم

این سی او سی کا کہنا ہے کہ 28 اکتوبر کو این سی او سی کے اجلاس میں موجودہ این پی آیئز پر نظر ثانی کی جائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا کی روک تھام کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے بیماری کے کم پھیلاؤ اور جاری ویکسینیشن مہم کے تناظر میں فورم نے ملک بھر میں ہفتہ وار ایک دن کی لازمی بندش کو ختم کر دیا ہے۔
 این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس میں اضلاع کی مکمل ویکسینیشن کی سطح کے تناسب میں ملک میں بیماری کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
این سی اور سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این پی آئیز کا نفاذ  16 سے 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان  ڈور شادی کی تقریبات میں شرکا کی تعداد کو 200 سے بڑھا کر 300 کیا جائے جبکہ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات میں 200 سے بڑھا کر 500 افراد کو شرکت کی اجازت دے دی گئی۔
این سی اور سی نے سینما اور مزارات کو بھی  مکمل ویکسین شدہ افراد کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 اکتوبر کو این سی او سی کے اجلاس میں موجودہ این پی آیئز پر نظر ثانی کی جائے گی۔
فورم نے اس امر پہ زور دیا کہ عوام کو ویکسینیشن کے عمل کو قومی فریضے کے طور  پہ اپنانا ہو گا۔

پاکستان کے سکولوں میں بھی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 53 ہزار 590 کورونا وائرس کے ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ مثبت کیسز کی تعداد 1086 تھی جبکہ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ دو فیصد رہی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 27 افراد ہلاک ہوئے اور دو ہزار 132 افراد کی حالت نازک ہے۔
اب تک پاکستان میں نو کروڑ 35 لاکھ 51 ہزار 193 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
کورونا وائرس کی وبا سے پاکستان میں دو کروڑ 98 ہزار 599 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 28 ہزار 228  افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: