Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارا ڈالر افغانستان کے حالات کی نذر ہوا ہے: وزیر داخلہ شیخ رشید

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ افغانستان کے حالات کی وجہ سے ہوا ہے۔  
اتوار کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’ہمارا ڈالر افغانستان کے حالات کی نظر ہوا ہے، کافی مقدار میں ڈالر افغانستان گیا ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’چار پانچ بڑی منی ایکسچینج کمپنیز کا آڈٹ کروا رہے ہیں جبکہ 34 منی ایکسچینجرز کو کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے، ہم نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔‘ 
شیخ رشید نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی بڑھی ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے پاکستان بھی اسی کے دائرے میں آیا ہے۔  

فوج  کو چوکوں میں زیر بحث لائیں گے تو آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا 

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سنیچر کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح انہوں نے دھوبی گھاٹ میں فوج کو زیربحث لایا میں سیاسی ورکر ہونے کی حیثیت سے کہتا ہوں جب آپ فوج کو اس طرح چوکوں اور چراہوں میں دھوبی گھاٹ اور موچی دروازے پر زیر بحث لائیں گے تو پھر یاد رکھنا سیاست میں بھی آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’مریم نواز کہہ رہی تھیں کہ نواز شریف خون کے آنسو روتے ہیں، وہ مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں اگر خون کے آنسو رو رہے ہیں تو جس دن چاہیں واپس آسکتے ہیں اور یہ ان کے لیے بہتر وقت ہے۔ وہ لندن پلان ہو کر گئے وہاں ان کو خون کے آنسو رونے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘  
انہوں نے مزید کہا کہ ’ملک میں عمران خان کی حکومت کو سوا تین سال ہو گئے ہیں آپ اب کوئی سیاسی اکھاڑ پیچھاڑ کر کے جوڈو کراٹے کر کے اپنی سیاسی قبر کھودیں گی۔ سوا تین سال ہو گئے ہیں آخری سال الیکشن کا ہوتا ہے ہر آدمی اپنے حلقے میں ہوتا ہے۔ ہم نے اپنے حلقے میں جو وعدہ کیا تھا وہ منصوبے مکمل کر لیےہیں۔‘ 
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ’کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے پچھلے دسمبر میں کہا تھا کہ عمران خان جارہے ہیں وہ کہیں نہیں جا رہے عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اور اگلے الیکشن کے لیے تیاری کریں گے اور عوام  فیصلہ کریں گے۔ ‘  
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جو خطاب کیا وہ کم عقلی اور سیاسی ناپائیدار ی ہے ’عمران خان خوش قسمت ہے کہ نااہلی اپوزیشن ملی ہے۔ سیاسی ناپائیداری اور غیردانشمندی کی زبان استعمال کی جارہی ہے۔‘  

شیئر: