Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کے کیسز میں کمی، ممبئی میں 18 مہینے بعد سینیما کھل گئے

ممبئی میں کورونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں اینٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا مرکز سمجھے جانےوالے شہر ممبئی میں 18 مہینے سے زائد عرصے کے بعد کورونا وائرس کے پیش نظر بند کیے گئے سینیما دوبارہ کھل گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق تھیٹر کو گائیڈلائنز کے مطابق ابھی شرکا کی مکمل تعداد کے بجائے آدھی تعداد کے ساتھ کھولا گیا ہے۔
بہت سے شوز شرکا کی کم تعداد کے ساتھ چلائے جا رہے ہیں اور خطرے کو کم کرنے کے لیے کورونا وائرس ویکسینیشن سرٹیفکیٹس کے حامل افراد کو ہی تھیٹر میں داخلے کی اجازت ہے۔
تھیٹر میں داخلے سے پہلے شرکا کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کوئی ماسک کے بغیر نہ ہو اور اندر کھانے پینے کی چیزیں لے جانے کی ممانعت ہے۔
ممبئی انڈیا کا کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے تاہم اب وہاں اس مہلک وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
عوامی مقامات میں سے سینیما کو کھولنے کا فیصلہ سب سے آخر میں کیا گیا۔
ممبئی میں سینیما گھروں کا کھولے جانا بالی وڈ فلم انڈسٹری کے لیے اہم اقدام سمجھا جا رہا ہے کیونکہ ہر سال 2000 سے زائد فلمیں بنتی ہیں جس کی وجہ سے معیشت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
اب جب سینیما کھل گئے ہیں تو انڈین فلم سازوں کی دیوالی سے پہلے ایک کے بعد ایک فلم ریلیز کے لیے تیار ہے اور یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ دیوالی کے موقع پر ٹکٹوں کی فروخت اور تھیٹر میں لوگوں کا ہجوم بھی بڑھ جاتا ہے۔
یاد رہے کہ انڈیا ویکسینیشن مہم شروع کرنے کے بعد سے اب تک کووڈ ویکسین کی ایک ارب سے زیادہ خوراکیں لگا چکا ہے۔

شیئر: