Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرین سعودی عرب کے تحت السودہ میں 10 لاکھ پودے لگانے کا پروگرام

’627 کلومیٹر رقبے پر درخت لگائے جائیں گے جس سے علاقے میں ماحولیاتی نظام کا توازن برقرار رہے گا‘ ( فوٹو: العربیہ)‘
گرین سعودی عرب انیشیٹو کے تحت السودہ اور رجال المع میں 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
العربیہ کے مطابق پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے تحت کام کرنے والے ادارے السودہ ڈویلپمنٹ نے درخت لگانے کا اعلان کیا ہے۔
السودہ میں شجر کاری کے نتیجے میں علاقے میں سیاحت اور پائیدار ترقی کی منزل کے حصول میں مدد مل سکے گی۔
یہ اقدام پروجیکٹ ایریا میں شجرکاری اور جنگلات کی بحالی میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کے لیے 627 کلومیٹر رقبے پر ایک ملین سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے جس سے علاقے میں ماحولیاتی نظام کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
السودہ ڈویلپمنٹ کے سی ای او انجینیر حسام الدین بن صالح المدنی نے کہا ہے کہ ’ان کی کمپنی سیاحوں کے لیے نئے تصورات کو مستحکم کرنے کی خاطرخطے کی نوعیت اور اس کے فوائد پر سرمایہ کاری کے لیے کام کر رہی ہے‘۔
’قدرتی وسائل کو محفوظ رکھنے کی کوششوں کے ساتھ علاقے کے قدرتی اور منفرد ماحول کو ہر طرح کی آلودگیوں سے پاک رکھنے کا عزم لیے ہوئے ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کمپنی خطے میں سب سے زیادہ عرعر کے درخت لگانے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے‘۔

’کمپنی خطے میں سب سے زیادہ عرعر کے درخت لگانے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے‘ ( فوٹو: العربیہ)

انجینیر المدنی نے کہا ہے کہ ’پائیداری اور ماحولیاتی تحفظ السودہ کمپنی کے لیے نئے تصورات نہیں ہیں بلکہ پانی، توانائی، فضلے کو ٹھکانے لگانے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کاربن کے اخراج کو کم کرنا اس کے روز مرہ کے کام اور منصوبوں کا حصہ ہے‘
’السودہ ڈویلپمنٹ کا ارادہ ہے کہ اگلے دس سالوں میں سالانہ ایک لاکھ سے زائد درخت اور پودے لگائے جائیں‘۔
’ قدرتی علاقوں، ارضیاتی تشکیلات اور ایسے علاقوں کا تحفظ اور انتظام کیا جائے جو خطرے سے دوچار جانداروں کا مسکن ہیں‘۔

شیئر: