Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم پی اے کا مہنگائی سے متعلق بیان: ’ایسے ہیرے کہاں ملیں گے؟‘

پاکستان میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے تنقید ہورہی ہے اور ایسے میں حکمران جماعت کے ایک رکن صوبائی اسمبلی کے بیان نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا ہے۔
طفیل انجم مردان سے پی ٹی آئی کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ہیں۔ کچھ دن پہلے انہوں نے ایک علاقائی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’مہنگائی تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے، وہ ہر صبح ایک فرشتہ مقرر کرتا ہے جو قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر صارفین طفیل انجم کو مذاق و طنز کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
سلیم نامی صارف نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم صرف مردان سے علی محمد خان کو ٹی وی سکرین پر دیکھتے ہیں جبکہ ایسے ہیرے چھپے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’آئیں ایک پٹیشن شروع کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے ہر ایم پی اے، ایم این اے اور سینیٹر کو ٹی وی سکرینوں پر برابری کا موقعہ دیا جائے۔'
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے طفیل انجم کے بیان کو ’انوکھی منطق‘ قرار دیتے ہوئے پوچھا کہ ’ایمانداری سے بتائیں کیا ایسے ہیرے ہمیں دوبارہ ملیں گے؟‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے حامی ولی قمبر نے لکھا کہ ’پہلے مہنگائی سابق حکومتوں پر ڈالی، پھر کورونا پر ڈالی، پھر عالمی حالات پر اور اب ذمہ دار فرشتے۔‘
طفیل انجم 2018 کے انتخابات میں مردان کے حلقے پی کے- 49 سے ممبر خیبر پختونخواہ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی سے ہی تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور پر بھی مہنگائی کے حوالے سے ایک بیان پر تنقید ہوئی تھی۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک تقریر کے دوران علی امین گنڈاپور نے جلسے کے شرکا کو مشورہ دیا کہ وہ ملک کی خود مختاری کی خاطر چینی اور آٹا کم کھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اتنے بے حس ہوگئے ہیں اپنی خود مختاری کے لیے، اپنے ملک کے لیے، اپنی نسل کے لیے، ہم اتنی قربانی نہیں کرسکتے۔ اگر 9 فیصد مہنگائی ہے، میں 100 نوالے کھاتا ہوں آٹے کے، تو اگر 9 نوالے کم کھالوں، تو کیا اپنی قوم کے لیے 9 نوالوں کی قربانی نہیں دے سکتا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستانیوں کو قرضے سے نجات دلاکر پاکستان کو ایک خودمختار ملک بنانا چاہتی ہے۔

شیئر: