Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علی امین گنڈاپور نے ’مہنگائی مٹاؤ فارمولا‘ پیش کر دیا

پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شکایت کرنے والوں کے لیے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے مشورے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بدھ کے روز ایک تقریر کے دوران علی امین گنڈاپور نے جلسے کے شرکا کو مشورہ دیا کہ وہ ملک کی خود مختاری کی خاطر چینی اور آٹا کم کھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اتنے بے حس ہوگئے ہیں اپنی خود مختاری کے لیے، اپنے ملک کے لیے، اپنی نسل کے لیے، ہم اتنی قربانی نہیں کرسکتے۔ اگر 9 فیصد مہنگائی ہے، میں 100 نوالے کھاتا ہوں آٹے کے، تو اگر 9 نوالے کم کھالوں، تو کیا اپنی قوم کے لیے 9 نوالوں کی قربانی نہیں دے سکتا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستانیوں کو قرضے سے نجات دلاکر پاکستان کو ایک خودمختار ملک بنانا چاہتی ہے۔
ان کی تقریر کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں تنقید اور طنز کا سامنا ہے۔
ٹوئٹر صارف حسان خان  نے علی امین گنڈاپور کے اس بیان کو ’مذاق‘ قرار دیتے ہوئے انہیں احتیاط کا مشورہ دیا۔

میر بابر علی خان نامی صارف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا ذمہ دار حکومت کو ٹھرایا اور لکھا کہ ’عوام نے آپ کی مہنگائی اور نااہلی کی جہ سے چائے پینا ہی چھوڑدی ہے۔‘
انہوں نے کہا ’بیان دینے سے پہلے سوچا کریں، ہوسکتا ہے پھر ترقی کریں قومیں‘۔
روحید خان نامی ٹوئٹر صارف نے بھی طنز کے نشتر برساتے ہوئے لکھا کہ ’علی امین گنڈاپور کی صحت دیکھ کر کیا لگتا ہے کہ موصوف نے خود بھی اس مشورے پر عمل کیا ہوگا؟‘
محمد خان سیال نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی حکومت تین برس مکمل کرچکی ہے لیکن ان کا دعوا ہے کہ نواز شریف اور زرداری کی وجہ سے مہنگائی ہے۔‘

 

شیئر: