Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ کی بنگلہ دیش کے خلاف آٹھ وکٹوں سے فتح

انگلینڈ نے 125 رنز کا ہدف با آسانی دو وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے ایک میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ 
بدھ کو ابو ظبی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ بھاری پڑا اور بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم 29 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ محمود اللہ اور نسم احمد نے 19،19 رنز بنائے۔ نورالحسن 16 اور مہدی حسن 11 رنز بنا سکے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسوں میں داخل ںہیں ہو سکا۔ 
انگلیںڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے تین وکٹیں حاصل کیں، معین علی اور لیام لیونگ سٹون نے دو، دو اور کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
انگلینڈ نے 125 رنز کا ہدف با آسانی دو وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ 
جیسن روئے 61 اور جوس بٹلر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملان 28 اور جونی بیئرسٹو آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
اس سے قبل بنگلہ دیش کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ 
 

شیئر: