پہلا ٹی20: پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے بدھ کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا۔
پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 129رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے ہدف با آسانی چھ وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ صائم ایوب کی گری جب وہ 24 رنز بناکر تھکشنا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
سلمان علی آغا 16 اور فخر زمان پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان 18 اور عثمان خان 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ہاسا رنگا، تھکشنا، چمیرا اور دھاننجیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاداب خان کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قبل ازیں سری لنکن ٹاپ آرڈر پاکستانی بولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ جینت لیانگے 31 گیندوں پر 40 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
اوپنر کامل مشرا بغیر کوئی رنز بنائے سلمان مرزا کا شکار بنے جبکہ دوسرے اوپنر پاتھم نسانکا کو محمد وسیم نے آؤٹ کیا۔
کشال مینڈس 14 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
شاداب خان ہی نے دھاننجایا ڈی سلوا کو 10 رنز کے انفرادی سکور پر پویلین بھیج دیا۔
چارتھ اسالانکا 18 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔ ان کا کیچ محمد نواز نے لیا۔ وانیندو ہسارنگا کو 18 رنز کے انفرادی سکور پر ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
داسن شناکا 12 رنز بناکر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ دشمانتھا چمیرا کو بھی سلمان مرزا نے پویلین بھیج دیا۔
ماہیش تھکشنا محمد وسیم کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سلمان مرزا اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور محمد وسیم نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
