Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آریان خان کو تین ہفتے کے بعد ضمانت مل گئی

ممبئی ہائی کورٹ درخواست ضمانت پر تفصیلی فیصلہ جمعے کو جاری کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں تین ہفتے جیل میں گزارنے کے بعد بالآخر ضمانت مل گئی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا کی ممبئی ہائی کورٹ نے آج جمعرات کو کروز شپ کیس میں آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
درخواست ضمانت پر تفصیلی فیصلہ کل جمعے کو جاری ہوگا۔ آریان خان کے وکیل اور سابق اٹارنی جنرل موکول روہتاگی کا کہنا ہے کہ ’امید ہے آریان خان، ارباز مرچنٹ اور من من دھمیچا کل یا سنیچر کو جیل سے باہر آ جائیں گے۔‘
23 سالہ آریان خان کے وکلا بارہا عدالت میں تردید کر چکے ہیں کہ ان کے پاس سے کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔
تاہم نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا کہنا تھا کہ وہ اس ’سازش‘ کا حصہ ہیں اور ان کی واٹس ایپ چیٹ سے ان کی منشیات کے لین دین میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
آریان خان کے دوست ارباز مرچنٹ اور ماڈل من من دھمیچا کو ضمانت مل گئی ہے۔

آریان خان کے وکلا بارہا عدالت میں تردید کر چکے ہیں کہ ان کے پاس سے کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئی (فوٹو:بالی وڈ لائف ڈاٹ کام)

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے سے بھی آریا خان کے خلاف منشیات کیس میں پوچھ گچھ کی تھی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر منشیات کی فراہمی یا استعمال کے الزامات کی تردید کی تھی۔
22  برس کی اداکارہ اننیا پانڈے کو شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ساتھ واٹس چیٹ کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی متعدد ٹیموں نے بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ اننیا پانڈے کے گھروں پر چھاپے مارے تھے۔
آریان خان کی درخواست ضمانت دو مرتبہ مسترد ہو چکی ہے۔
گذشتہ ہفتے ممبئی کی سپیشل کورٹ نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت ایک بار پھر مسترد کر دی تھی اور ان کے وکلا نے ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
آریان خان کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ 
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ان پر ڈرگز خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔

شیئر: