Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اننیا پانڈے نے آریان خان کو منشیات کی فراہمی کی تردید کر دی

اننیا پانڈے نے اپنی ٹیم کو شوٹنگ اور دیگر مصروفیات دو تین دن تک کے لیے ملتوی کرنے کا کہا ہے (فوٹو:سکرین گریب)
بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے سے آریا خان کے خلاف منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے پوچھ گچھ کی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران اننیا پانڈے نے مبینہ طور پر منشیات کی فراہمی یا استعمال کے الزامات کی تردید کی ہے۔
بالی وڈ اداکارہ اننیا پانڈے آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں کی جانے والی تفتیش کے سلسلے میں دوسری بار نارکوٹکس کنٹرول بیورو میں پیش ہوئیں۔
22  برس کی اداکارہ اننیا پانڈے کو شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ساتھ واٹس چیٹ کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
آریان خان کو دو اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا اور منشیات کیس میں آٹھ اکتوبر سے جیل میں ہیں۔
انڈین میگزین انڈیا ٹو ڈے کی ویب سائٹ کے مطابق ممبئی کروز ڈرگ کیس میں ٹوئسٹ اس وقت آیا جب نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے آریان خان کےایک اداکارہ کے ساتھ مبینہ طور پر منشیات کے حوالے سے چیٹ میسجیز ملنے پر جمعرات کو اننیا پانڈے کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔
اداکارہ سے تقریباً تین گھنٹے تک تفتیش ہوئی اور آج دوبارہ انہیں طلب کیا گیا۔

جمعرات کو تفتیش میں کیا ہوا؟

انڈیا ٹو دے ٹی وی نے لکھا ہے کہ انڈیا ٹو ڈے کو یہ معلومات ملی ہیں کہ این سی بی نے آریان خان اور اننیا پانڈے کے درمیان چیٹ میسجیز حاصل کیے ہیں جس میں دونوں ’گانجا‘ خریدنے کے حوالے سے بات کر رہے تھے۔

21 اکتوبر کو ممبئی میں اننیا پانڈے کے گھر پر چھاپا مارا گیا تھا۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)

این سی بی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ’بات چیت کے دوران ایک موقع پر آریان خان اننیا نے گانجے کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ آریان یہ پوچھ رہے تھے کہ بھنگ کا انتظام کرنے کے لیے کیا کوئی ’جگاڑ‘ ہو سکتا ہے۔
اننیا پانڈے نے اس کے جواب میں کہا تھا کہ ’میں انتظام کرتی ہوں۔‘
جب این سی بی نے یہ چیٹ جمعرات کو اننیا پانڈے کو تفتیش کے دوران دکھائی تو انہوں نے کہا کہ ’میں صرف مذاق کر رہی تھی۔‘
ادھر اننیا پانڈے نے اپنی ٹیم کو شوٹنگ اور دیگر مصروفیات دو تین دن تک کے لیے ملتوی کرنے کا کہا ہے۔
اننیا کا خیال ہے کہ این سی بی آریان خان کے موبائل فون میں چیٹ میسیجز کی بنیاد پر انہیں منشیات کے کیس میں تفتیش کے لیے دوبارہ بھی طلب کر سکتا ہے۔
اننیا کی ابھی تین چار فلموں کے لیے بات چیت چل رہی ہے جو 2023-2022 میں ریلیز ہوں گی۔
ممبئی کی سپیشل کورٹ نے جمعرات کو آریان خان سمیت دیگر آٹھ ملزمان کی30 اکتوبرتک عدالتی تحویل میں توسیع کی تھی۔

این سی بی کی ایک ٹیم شاہ رخ خان کی اپنے بیٹے آریان خان سے جیل میں ملاقات کے کئی گھنٹوں بعد ان کی رہائش گاہ 'منت' پہنچی تھی (فوٹو: انڈیا ٹو ڈے)

جمعرات کو انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی متعدد ٹیموں نے بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ اننیا پانڈے کے گھروں پر چھاپے مارے تھے۔
این سی بی کی ایک ٹیم شاہ رخ خان کی اپنے بیٹے آریان خان سے جیل میں ملاقات کے کئی گھنٹوں بعد ان کی رہائش گاہ 'منت' پہنچی۔
قبل ازیں رخ خان نے منشیات کیس میں گرفتار اپنے بیٹے آریان خان سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ملاقات کی۔
شاہ رخ خان نے ملاقاتیوں کے سیکشن میں اپنے بیٹے سے 16 سے 18 منٹ تک ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان شیشے کی دیوار تھی اور وہ انٹر کام کے ذریعے آپس میں بات کر رہے تھے۔ اس موقع پر جیل حکام بھی وہاں موجود تھے۔
آریان خان آٹھ اکتوبر سے ممبئی کروز ڈرگز کیس کی وجہ سے جیل میں ہیں اور ان کی دو دفعہ درخواست ضمانت مسترد ہو چکی ہے۔

شیئر: