Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوآئی سی اور بحرین کی جازان پرحوثی میزائل حملوں کی مذمت

اوآئی سی مملکت کے موقف کی تائید کرتی ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
 سعودی عرب کے شہر جازان پرحوثی باغیوں کی جانب کیے جانے والے میزائل حملوں پراسلامی تعاون تنظیم اور بحرین  کی جانب سے سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ـ
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی ‘ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثیمین نے کہا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے جازان کی شہری آبادی کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش قابل مذمت ہے ـ
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے سعودی ایئرڈیفنس کی جانب سے  میزائل حملوں کو بروقت ناکام بنائے جانے پر انکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فضائی دفاعی یونٹ کی جانب سے بروقت مداخلت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مملکت کے محافظ ہمیشہ بیدار رہتے ہیں ـ

جازان پرجمعرات کو حوثیوں کی جانب سے 5 میزائل داغے گئے (فوٹو، ٹوئٹر)

سیکرٹری جنرل نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ حوثیوں کی جانب سے اس قسم کی مذموم کاررائیوں کا سختی سے نوٹس لیں جس کی وجہ سے شہری آبادیوں کو خطرے کا سامنا ہے ـ انہوں نے حوثیوں کی دہشتگردانہ کارروائیوں کے حوالے سے سعودی عرب کے موقف کی تائید کی ـ
دوسری جانب بحرین کی جانب سے بھی یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے جازان پرمیزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشتگردی قرار دیا ـ
بحرینی وزارت خارجہ کی جانب سے سعودی ائیر ڈیفنس کی جانب سے میزائل حملوں کو بروقت ناکام بنائے جانے کوسراہتے ہوئے بین الاقوامی کمیونٹی سے اپیل کی کہ حوثیوں کی جانب سے مملکت پر مسلسل کیے جانے والے حملوں پرسخت ایکشن لیا جائے ـ
واضح رہے جمعرات کے روز حوثی باغیوں کی جانب سے جازان پرپانچ میزائل حملے کیے گئے تھے جسے سعودی ایئرڈْیفنس اینڈ کمانڈ کنٹرول یونٹ نے بروقت مداخلت کرکے ناکام بنا دیا تھا ـ
اس حوالے سے عرب اتحادی فورسز کی جانب سے کہا گیا تھا کہ یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنا عالمی انسانی قوانیں کی صریح خلاف ورزی ہے

شیئر: