Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو شو کے دوران جھگڑا: شعیب اختر اور میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ایئر کردیا گیا

شعیب اختر نے لائیو شو کے دوران ہی پی ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق فاسٹ بولر اور کرکٹ مبصر شعیب اختر اور سرکاری ٹی وی کے سپورٹس شو کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کو لائیو پروگرام میں جھگڑا کرنے پر آف ایئر کردیا ہے۔
انکوائری کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ’واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف آئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
’جب تک انکوائری مکمل نہیں ہوجاتی اور واقعے سے متعلق حقائق واضح نہیں ہوجاتے دونوں افراد پی ٹی وی کے کسی بھی پروگرام کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘
رپورٹ کے مطابق شعیب اختر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کے لیے سرکاری ٹی وی کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو ہی منعقد ہوا۔ 
ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ شعیب اختر اور نعمان نیاز کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے باعث جمعرات کو پروگرام ’گیم آن ہے‘ ریکارڈ بھی نہیں کیا جاسکا۔
اس پروگرام میں سری لنکا اور آسٹریلیا کے میچ اور ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے شرکا نے تبصرہ کرنا تھا، تاہم پروگرام کے شرکا انتظار کرتے رہے مگر یہ پروگرام ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
پروگرام میں روزانہ شریک ہونے والے ایک مہمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’انہیں چینل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے پروگرام ریکارڈ نہیں ہوسکتا۔‘
خیال رہے کہ 26 اکتوبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے بعد سرکاری ٹی وی پر لائیو شو کے دوران پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے شو چھوڑ کر جانے کا کہا تھا۔

جب یہ جھگڑا ہوا اس دوران شو میں ویون رچرڈز اور ڈیوڈ گاور سمیت دیگر شرکا بھی موجود تھے (فوٹو: سکرین شاٹ)

جب یہ جھگڑا ہوا اس دوران شو میں ویون رچرڈز، ڈیوڈ گاور، راشد لطیف، ثنا میر، عاقب جاوید اور عمر گل بھی موجود تھے۔
اس کے بعد شعیب اختر نے یہ کہتے ہوئے پی ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا کہ پروگرام کے میزبان نے لائیو شو میں ان کی بے عزتی کی اور وہ شو کا مزید حصہ نہیں بن سکتے۔

شیئر: