Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آصف علی کے چار چھکے، پاکستان نے افغانستان کو شکست دیدی

پاکستان کی جانب سے پہلی وکٹ عماد وسیم نے حاصل کی۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹی 20 ورلڈکپ کے دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
افغانستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز سکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے جیت کے لیے درکار ہدف 19 ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔
میچ کے آخر میں بلے باز آصف علی نے سات گیندوں پر 25 رنز بنائے جس میں چار فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ ان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے نصف سینچری سکور کی۔ انہوں نے 47 گیندوں پر 51 رنز سکور کیے۔

آصف علی نے سات گیندوں پر 25 رنز بنائے جس میں چار فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

قبل ازیں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کے ابتدائی بلے بازوں کی غیر متاثر کن کاکردگی کے بعد کپتان محمد بنی اور گلبدین نائب نے اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے 35، 35 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے 22 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے چار اوورز میں 25 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن علی کے چار اوورز میں 38 رنز بنے، ان کو ایک وکٹ ملی۔  شاداب خان نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
حارث رؤف نے چار اوورز میں 37 جبکہ شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 22 رنز دیے۔ دونوں نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے اوور میں عماد وسیم نے حضرت اللہ زازئی کو حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
تیسرے اوور میں محمد شہزاد نے شاہین آفریدی کو چوکا لگایا مگر پھر ایک اور شاٹ کھیلتے ہوئے گیند پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو کیچ کی صورت میں تھما دی۔
چوتھے اوور میں عماد وسیم کو دو چھکے اور ایک چوکا لگایا گیا۔ افغانستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی اصغر افغان رہے جن کو حارث رؤف نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔
رحمان اللہ گرباز کی صورت میں افغانستان کی چوتھی وکٹ گری جب وہ حسن علی کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے افغانستان کے خلاف نیوزی لینڈ سے میچ جیتنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا۔

افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے 22 رنز سکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے اپنے پہلے دو میچوں میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔
پہلے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہرایا۔
افغانستان کی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان اب تک چار ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں اور ان تمام میچوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔

شیئر: