Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کے امیر کویت اور بحرین کے فرمانروا سے ٹیلیفونک رابطے، لبنان سے متعلق موقف پر شکریہ

موقف خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے اتحاد کی ترجمان ہے ( فوٹو عرب نیوز)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کو بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ اور امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے لبنانی وزیر اطلاعات کے توہین آمیز بیان پر بحرین کے ردعمل پر شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ بحرین نے اس حوالے سے جو کچھ کیا وہ خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے اتحاد کی ترجمانی کرتا ہے اور مملکت و بحرین کے درمیان یکجہتی کا عملی نمونہ ہے‘۔ 
شاہ بحرین نے اس موقع پر سعودی عرب اور بحرین کے برادرانہ گہرے تعلقات اور جی سی سی ممالک کے درمیان مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
شاہ سلمان نے لبنانی وزیر اطلاعات کے اہانت آمیز بیان پر کویت کے ردعمل پر امیر کویت شیخ نواف کے لیے ممنونیت کا اظہار کیا ہے۔ 
شاہ سلمان نے کویت کے ردعمل  کو جی سی سی ممالک کے درمیان یکجہتی کا غماز قرار دیا۔
اس موقع پر امیر کویت نے کہا کہ’ کویت نے جو کچھ کیا وہ جی سی سی ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق اور خلیج کے تمام عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلق کا حقیقی تقاضا تھا‘۔

شیئر: