Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت، ٹی ایل پی معاہدے پر عمل درآمد کا طریقہ کار وضع کیا گیا: علی محمد خان

ترجمان نے مزید کہا کہ تنظیم کے 13 سو سے زائد کارکنان کو کل تک رہا کردیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس پیر کو لاہورمیں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیرمملکت علی محمد خان اور تحریک لبیک کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ٹویٹ کی کہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں  بڑے فیصلے لیے گئے اور عمل درآمد کا طریقہ کار وضع کیا گیا۔
ان کے مطابق  معاہدے کے نتائج آج رات سے آنا شروع ہوجائیں گے۔
دوسری جانب اجلاس کے بعد پیر کی رات کو ٹی ایل پی کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ تحریک لبیک کے ایک ہزار کارکنان کو کچھ دیر میں رہا کردیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تنظیم کے 13 سو سے زائد کارکنان کو کل تک رہا کردیا جائے گا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ٹی ایل پی کے 23 سو سے زائد کارکنان کو اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔
’کارکنان پر درج مقدمات کو بھی خارج کردیا جائے گا۔ حکومت نے شیڈول فور میں شامل کارکنان کی فہرست بھی مانگ لی۔‘
اجلاس میں مزید قانونی پیچیدگیوں پر مشاورت کے لیے حکومتی اور تحریک لبیک پاکستان کے وکلاء کی ملاقات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

شیئر: