Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرول کی نئی قیمت، ’حکومت کا ریلیف پیکج تو اب شروع ہوا ہے‘

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ میں ریکارڈ بلند ترین سطح پر ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں جمعے کی صبح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نئے اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
سینیئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کے بعد مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ اللّٰہ ان سب پر رحم فرمائے اور ان کی مدد کرے جو اس مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں۔‘
ان کے ٹویٹ کے جواب میں کبیر احمد خان نامی صارف نے کہا کہ ’میر صاحب، ہمت جواب دے گئی ہے۔‘
ماریہ چوہدری نامی بلاگر نے ٹویٹ کیا کہ راتوں رات پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3  پیسے کا اضافہ کر دیا گیا۔ ’نہ مہینے کی یکم اور نہ 15 تاریخ ـ ریلیف پیکچ کے اعلان کے اثرات۔‘
صحافی مبشر زیدی نے ٹویٹ کیا کہ ’پاکستانی ہمیشہ یاد رکھیں گے تبدیلی کتنے میں پڑی۔‘
سلمان سومرو نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ آئی ایم ایف اور حکومت کی ڈیل کے نتیجے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔
ٹوئٹر صارف خرم زبیر نے ٹویٹ کیا کہ ’پی ٹی آئی حکومت کا ریلیف پیکج اب شروع ہوا ہے۔ غریب عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرایا گیا ہے۔‘

محمد فیصل نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ ’یکم نومبر کو عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر ’نو‘ کہا جبکہ چار نومبر کو اس پر ’یس‘ کہہ دیا۔‘
اینکر و تجزیہ کار سلیم صافی نے ٹویٹ کیا کہ ’عمران خان کے تاریخی ریلیف پیکج پر عم درآمد کا آغاز: پیٹرول 8 روپے 3 پیسے، ڈیزل 8 روپے 14 پیسے، مٹی کا تیل 6 روپے 27 پیسے مہنگا۔ آگے آگے دیکھئے تبدیلی اور کیا گل کھلاتی ہے؟۔‘

اظہر خان نے ’ریلیف اپڈیٹ‘ کے عنوان سے ٹویٹ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں لکھیں۔
ثانیہ نسیم نامی صارف نے پیٹرول کی نئی قیمت شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا سرپرائز ہے۔‘

شیئر: