Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی آئرلینڈ: ’معاہدہ معطل کرنے کی صورت میں برطانیہ کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا‘

برطانیہ نے بریگزٹ معاہدے کی شق 16 کو فعال کرنے کی دھمکی دی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
یورپی یونین نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ بریگزٹ معاہدے میں شمالی آئر لینڈ سے متعلق حصہ معطل کرنے کی صورت میں اسے ’سنگین نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد شمالی آئر لینڈ کے لیے طے پانے والے تجارتی انتظامات کے باعث مسائل پیدا ہو گئے ہیں جن کے لیے دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ 
یورپی یونین نے برطانیہ کے دیگر حصوں سے شمالی آئر لینڈ میں داخل ہونے والی اشیا پر لاگو کسٹم قواعد و ضوابط میں نرمی کی پیشکش کی تھی۔ شمالی آئر لینڈ میں برطانیہ کی حامی جماعتوں نے یورپی یونین کی اس تجویز پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
یورپی کمیشن کے نائب صدر ماروس سفکووک نے برطانیہ کے بریگزٹ وزیر ڈیوڈ فراسٹ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے نئے دور کے بعد کہا کہ ’یہ ہمارے لیے بہت بڑا اقدام تھا لیکن برطانیہ کی طرف سے آج تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میرے لیے یہ مایوس کن ہے، اور ایک مرتبہ پھر میں برطانوی حکومت پر زور دیتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ مخلصانہ طریقے سے بات چیت کریں۔‘
برطانیہ نے معاہدے کی شق 16 کو فعال کرنے کی دھمکی دی تھی جس پر یورپی کمیشن کے نائب صدر ماروس سفکووک نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ پروٹوکول پر دوبارہ مذاکرات کی غرض سے شق 16 کو فعال کرنے کے سنجیدہ نتائج مرتب ہوں گے، شمالی آئر لینڈ کے لیے سنجیدہ ہوں گے، یورپ اور برطانیہ کے تعلقات کے لیے بھی سنجیدہ نتائج ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ آئندہ جمعے کو دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ مذاکرات لندن میں ہوں گے۔

بریگزٹ معاہدے کے بعد برطانیہ اور فرانس کے درمیان ماہی گیری پر تنازع جاری ہے۔ فوٹو اے ایف پی

شمالی آئر لینڈ کے معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں جس سے باہمی تجارت کے معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
مذاکرات کے بعد برطانوی حکومت نے جاری بیان میں کہا کہ محدود پیش رفت ہوئی ہے لیکن مزید مذاکرات کے ذریعے خامیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔
بیان کے مطابق یورپی یونین کی تجاویز نے بنیادی مسائل سے نمٹنے میں مؤثر کردار نہیں ادا کیا جس طرح پروٹوکول آپریٹ کر رہا تھا۔
برطانیہ نے دھمکی دی تھی کہ اگر یورپی یونین نے پروٹوکول دوبارہ ترتیب نہ دیا تو معاہدے کی شق 16 کو فعال کیا جائے گا۔
ایک یورپی سفارتکار نے کہا ہے کہ آرٹیکل 16 کو فعال کرنے کی صورت میں یورپی یونین بریگزیٹ کے بعد کا تجارتی معاہدہ مکمل طور پر معطل کر دے گا۔

شیئر: