Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈسکہ ضمنی الیکشن: کوتاہی برتنے پر افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، کارروائی شروع

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پریذائڈنگ افسران کو پہلے پسرور پھر سیالکوٹ لے جایا گیا (فوٹو: فیس بک)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیالکوٹ کے حلقہ 75 اے میں ہونے ولی ضمنی انتخابات میں ’انتظامی کوتاہی‘ برتنے پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور ریڑننگ آفیسر کو او ایس ڈی بنا کر ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے انکوائری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور دونوں انکوائریوں میں ذمہ دار قرار دیے گئے افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گذشتہ روزاین اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن کی انکوائری کے بعض نکات ایک لیک رپورٹ کے ذریعے سامنے آئے تھے جن کے مطابق پریذائڈنگ افسران کی گمشدگی اتفاق نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے تحت ہوئی۔
الیکشن کمیشن کی انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا کہ پریذائڈنگ افسران کو پہلے پسرور پھر سیالکوٹ لے جایا گیا۔
انکوائری رپورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی سابق مشیر فردوس عاشق اعوان کی جانب بھی اشارہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کے گھر پر ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے لیے میٹنگ ہوئی جس میں  فردوس عاشق اعوان اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد اقبال اور دیگر موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری علی عباس بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔ اس اجلاس میں پریذائڈنگ افسران کو شناختی کارڈ کی نقول پر بھی ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کا کہا گیا، اور الیکشن عملے کو کہا گیا پولیس اور انتظامیہ کے کام میں مداخلت نہیں کرنی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عملہ اور سرکاری مشینری قانون شکنوں کے کٹھ پتلی بنے رہے۔

انکوائری رپورٹ میں لاپتہ پریذائڈنگ افسران کا کردار بھی مشکوک قرار دیا گیا ہے (فوٹو اے پی پی)

انکوائری رپورٹ میں لاپتہ پریذائڈنگ افسران کا کردار بھی مشکوک قرار دیا گیا ہے جبکہ انکوائری میں الیکشن کمیشن نے اپنے افسران کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر کو آئندہ انتخابی ڈیوٹی سے دور رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ڈی آر او عابد حسین اور آر او اطہر عباسی الیکشن کمیشن کے اپنے افسران تھے۔
انکوائری کمیٹی نے فارم 45 اور 46 میں ترمیم کی بھی سفارش کی ہے اور فارم 45 اور 46 میں پولنگ ایجنٹ کی ریسیونگ کا خانہ شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

شیئر: