Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کا آئندہ برس پاکستان میں دو اضافی ٹی20 میچز کھیلنے کا اعلان

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے لاہور میں رمیز راجہ سے ملاقات کی ہے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے اعلان کیا ہے کہ ان کی ٹیم دورہ پاکستان کے دوران دو اضافی ٹی 20 میچ کھیلے گی۔
پہلے سے طے شدہ دورے کے دوران انگلش ٹیم نے آئندہ برس ستمبر/اکتوبر میں پانچ ٹی 20 میچ کھیلنے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انگلش ٹیم نے آئندہ برس نومبر/دسمبر کے دوران پاکستان میں تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلنے ہیں جو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ گذشتہ کچھ ہفتوں میں پیش آنے والے معاملات اور اکتوبر میں دورہ منسوخ ہونے پر براہ راست پی سی بی سے بات چیت کے لیے وہ اور سینئیر ڈائریکٹر مارٹن ڈیرلو لاہور آئے ہیں۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’ہم چاہتے تھے کہ مستقبل پر بھی بات کی جائے کیونکہ دونوں بورڈز کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، اسی لیے ہم پیچھے دیکھنے کے بجائے مستقبل پر نظر رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ آئندہ برس ستمبر/اکتوبر میں دورہ پاکستان کے دوران ہماری ٹیم دو اضافی ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ٹیم دوربارہ پاکستان آکر دورے میں طے شدہ ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔‘
’یہ ہمارے اس عزم کا اعادہ ہے کہ انگلینڈ کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں بتدریج پاکستان میں کھیلنا شروع کریں گی۔ میں نہیں سمجھتا کہ انگلینڈ میں کوئی ایک بھی ایسا کرکٹر ہوگا جو پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کے مقابلے میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کے لیے یہاں کھیلنا نہ چاہے۔‘
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ای سی بی نے اپنے بڑے دل کا ثبوت کا دیا ہے جس پر میں چیف ایگزیکٹیو اور سینیئر ڈائریکٹر کا شکرگزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس بات پر پرجوش ہیں کہ انگلینڈ نے مزید دو ٹی20 میچز کھیلنے کی حامی بھری ہے۔ ہم یقینی بنائیں گے کہ میزبان ٹیم پاکستان میں آرام دہ محسوس کرے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے 2022 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنا فخر کا لمحہ ہوگا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو کی جانب سے پاکستان میں اضافی میچ کھیلنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل پی سی بی نے آئندہ برس آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے دورے کے دوران کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ایک ایک ٹیسٹ جب کہ لاہور میں تین ون ڈے اور ایک ٹی20 میچ کھیلنا ہے۔

شیئر: