Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: وراٹ کوہلی کی بیٹی کو ریپ کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

وراٹ کوہلی کے خلاف مہم پر کانگریس رہنما راہل گاندھی سمیت انڈیا کے نمایاں افراد نے ردعمل کا اظہار کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کے شہر حیدر آباد سے ایک شخص کو انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی بیٹی کو انٹرنیٹ پر ریپ کی دھمکیاں دینے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی پولیس کی خصوصی ٹیم نے بدھ کی سہ پہر کو 23 سالہ رام نگیش نامی شخص کو گرفتار کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق رام نگیش کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سافٹ وئیر انجینیئر ہے اور مبینہ طور پر ایک فوڈ ڈیلیوری ایپ کے لیے بھی کام کر چکا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے ممبئی لایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کی ٹیم کی بے درپے شکستوں کے بعد کپتان وراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی نو ماہ کی بیٹی کو انٹرنیٹ پر ریپ کی دھمکیاں ملنے کے خلاف کافی ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔
اس کے بعد دہلی کمیشن فار ویمن نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا تھا کہ وہ ملزمان کی شناخت کے بعد ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرے اور ان کے خلاف کارروائی کرے۔
انڈیا کی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی 24 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان سے شکست کے بعد سوشل میڈیا حملوں کا نشانہ بنے۔ اسی دوران محمد شامی کے خلاف مہم پر جب وراٹ کوہلی نے کھل کر ان کی حمایت کی تو ان کے خلاف سوشل میڈیا پر حملوں میں شدت آ گئی تھی۔
وراٹ کوہلی کے خلاف مہم پر کانگریس رہنما راہل گاندھی سمیت انڈیا کے نمایاں افراد نے ردعمل کا اظہار کیا اور اس عمل کی مذمت کی۔

شیئر: