Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے شہروز کاشف کے لیے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز

شہروز کاشف نے یہ چوٹیاں 19 برس اور 138 دن کی عمر میں سر کیں (فوٹو: الپائن کلب)
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے پاکستان کے شہروز کاشف کو ایک ہی سال میں تین ماہ کے اندر دنیا کی بلند ترین دو چوٹیاں ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سر کرنے پر انہیں دنیا کا کم عمر ترین کوہ پیما تسلیم کرلیا ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق شہروز کاشف نے یہ چوٹیاں 19 برس اور 138 دن کی عمر میں سر کیں۔
شہروز کاشف نے 6 مئی کو ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے پاکستان کے سب سے کم عمر کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
الپائن کلب کے مطابق شہروز نے 11 سال کی عمر میں کلائمبنگ شروع کی اور تین ہزار میٹر تک چڑھائی کی جو وقت کے ساتھ بڑھتی گئی اور چار ہزار سے ہوتی ہوئی چھ ہزار اور آٹھ ہزار میٹر تک جا پہنچی۔
انہوں نے براڈ پیک سر کر کے ’دی براڈ بوائے‘ کا ٹائٹل جیتا جس کی بلندی 8047 میٹر ہے۔
اسی طرح مکڑا چوٹی، کیمبرا، منگلک سر سمیت دوسری کئی چوٹیاں سر کیں اور 19 سال کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرلی۔
 شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پانچویں پاکستانی ہیں۔
اس کے بعد ستمبر میں شہروز کاشف نے بایک اور چوٹی مناسلو پر بھی پاکستانی پرچم لہرایا۔ 
نیپال میں موجود مناسلو دنیا کی آٹھویں سب سے اونچی چوٹی ہے جو 8,163 میٹر بلند ہے۔ یہ نیپال میں سلسلہ کوہ ہمالیہ میں واقع ہے۔
شہروز کا تعلق لاہور سے ہے۔ انہوں نے11 سال کی عمر میں پہاڑ چڑھنا شروع کیے تھے۔ اس وقت انہوں نے چار ہزار میٹر بلند چوٹیاں سر کیں جن میں مکڑا پیک اور موسیٰ کا مصلہ شامل ہیں۔

شیئر: