Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک معاشرے کو بدتر بنا رہا ہے: سروے

76 فیصد کے خیال میں فیس بک معاشرے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ فوٹو فیس بک
امریکی ٹیلی ویژن سی این این کے تحت ہونے والے سروے کے مطابق تین چوتھائی سے زیادہ امریکی نوجوانوں کے خیال میں فیس بک معاشرے کو بدتر بنا رہا ہے۔
سروے کے جواب دہندگان میں سے 76 فیصد کے خیال میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک معاشرے کو نقصان پہنچا رہا ہے، 11 فیصد کے خیال میں اس کے مثبت اثرات ہیں جبکہ 13 فیصد کا کہنا ہے کہ اس کا معاشرے کو  بہتر یا بدتر بنانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ سے متعلق عوام کے تاثرات ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں جب فیس بک نے حال ہی میں اپنی پیرنٹ کمپنی کا نام تبدیل کر کے میٹا رکھ دیا ہے، اور کمپنی کی سابق عہدیدار فرانسس ہیوگن کی جانب سے انکشافات کے بعد فیس بک کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
فیس بک باقاعدگی سے استعمال کرنے والے صارفین میں سے 70 فیصد کے خیال میں بھی یہ امریکی معاشرے میں بہتری لانے کے بجائے نقصان پہنچا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ فیس بک کے منفی اثرات کی وجوہات کیا ہیں یا کس پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، 45 فیصد یعنی نصف رائے دہندگان نے کہا کہ اس کی وجہ فیس بک کو چلانے کا طریقہ کار ہے۔ جبکہ  55 فیصد نے منفی اثرات کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح سے چند لوگ اس کو استعمال کر رہے ہیں۔‘
وہ صارفین جو ایک ماہ میں کئی مرتبہ فیس بک استعمال کرتے ہیں، ان میں سے 54 فیصد کا کہنا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے انہیں قابل اعتراض پوسٹس دیکھنے کا مشورہ دیا، جبکہ 35 سے کم عمر کے افراد میں سے 65 فیصد نے بھی اسی خیال کا اظہار کیا تھا۔

فرانسس ہیوگن نے سینیٹ کے سامنے کمپنی کے خلاف گواہی دی تھی۔ فوٹو اے ایف پی

تقریباً نصف یعنی 49 فیصد امریکیوں نے کہا کہ وہ کسی نے کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو فیس بک پر شائع ہونے والے مواد کے باعث سازشی نظریات پر یقین رکھتا ہے۔ 35 سال سے کم عمر کے امریکیوں میں سے 61 فیصد جب کہ 65 یا اس سے زیادہ عمر کے امریکیوں میں سے 35 فیصد نے انہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔
فیس بک کی سابق عہدیدار فرانسس ہیوگن کی امریکی سینیٹ کے سامنے دی گئی گواہی کے بعد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی ریگولیشن اور حکومت کی دخل اندازی سے متعلق سوالات نے جنم لیا ہوا ہے۔
53 فیصد جواب دہندگان کے مطابق حکومت کو فیس بک کو مزید ریگولیٹ کرنا چاہیے، 35 فیصد کا کہنا ہے کہ ریگولیشن  تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں، ہونا جبکہ 11 فیصد کے خیال میں ریگولیشن میں کمی کرنی چاہیے۔
66 فیصد جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ وہ گوگل اور ایمازون جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر اعتماد نہیں کرتے۔

شیئر: