Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک ہے نگار‘، میرا کردار جذباتی اور جسمانی چیلنج تھا: بلال اشرف

پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بننے والی ٹیلی فلم ” ایک ہے نگار“ میں ماہرہ خان کی اداکاری کو تو خاصا پسند کیا گیا لیکن اداکار بلال اشرف نے بھی خوب داد سمیٹی۔
بلال اشرف نے نگار جوہر (ماہرہ خان) کے شوہر کا کردار نبھایا اور جب اس ٹیلی فلم کا ٹیزر اور تصاویر جاری ہوئی تھیں تو ان کے گیٹ اپ کو کافی لوگوں نے حقیقت سے قریب تر قرار دیا تھا۔
عموماً یہ دیکھا گیا ہے کہ اداکار فلموں میں ایک سمارٹ اور فٹ ہیرو کا کردار نبھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن بلال اشرف کو اس ٹیلی فلم میں پہلے ایک نوجوان اور پھر ادھیڑ عمر شخص کے روپ میں دکھایا گیا جس کا پیٹ بھی بڑھا ہوا تھا۔
بلال اشرف نے اس ٹیلی فلم سے چھوٹی سکرین پر ڈیبیو کیا ہے اس سے قبل وہ بڑی سکرین پر ہی نظر آ رہے تھے۔
بلال اشرف کے لیے اس ٹیلی فلم میں کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا اس حوالے سے انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ انہیں اس ٹیلی فلم کا ریسپانس بہت اچھا مل رہا ہے جو ان کی توقعات سے بڑھ کر ہے۔ ’لوگوں نے بہت پسند کیا ہے یوٹیوب پہ اس (ٹیلی فلم) کا ٹرینڈ بھی چل رہا ہے۔‘

بلال اشرف کو اس ٹیلی فلم میں پہلے ایک نوجوان اور پھر ادھیڑ عمر شخص کے روپ میں دکھایا گیا جس کا پیٹ بھی بڑھا ہوا تھا (فوٹو: بلال اشرف انسٹاگرام)

بلال اشرف نے اس کردار کے انتخاب کے بارے میں بتایا کہ ’یہ کردار مینٹلی، ایموشنلی اور فزیکلی ایک چیلنج تھا۔ مجھے موقع ملا کچھ مختلف کرنے کا، صرف ہیرو کا ہی نہیں بلکہ ایک نوجوان اور پھر ادھیڑ عمر شخص کا کردار بھی نبھایا، توند بھی نکلی یہ سب چیلنج کا حصہ تھا۔‘
بلال چونکہ فلموں سے ٹی وی کی طرف آئے ہیں تو ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ فلم اور ٹی وی کی سکرین کا کوئی فرق محسوس ہوا تو انہوں نے بتایا کہ ’مجھے بڑی اور چھوٹی سکرین سے فرق نہیں پڑتا کیمرے کا زرا فرق ہوتا ہے باقی کام اور محنت تو وہی ہوتی ہے لہذا مجھے کوئی فرق نہیں لگا۔‘
بلال کہتے ہیں کہ انہیں چھوٹی سکرین پر خود کو دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے اور بہت خوشی ہو رہی ہے اور آگے بھی ان کو کوئی کردار چیلنجنگ لگے گا تو وہ ضرور کریں گے۔

بلال اشرف نے ٹیلی فلم سے چھوٹی سکرین پر ڈیبیو کیا ہے اس سے قبل وہ بڑی سکرین پر ہی نظر آ رہے تھے (فوٹو: بلال اشرف انسٹاگرام)

جب ان سے پوچھا گیا کہ کچھ ناقدین نے ٹیلی فلم کی ڈائریکشن پر سوال بھی اٹھائے تو اس سوال کے جواب میں بلال نے کہا کہ ’اگر کسی نے تنقید کی ہے تو اس کی پرسنل چوائس ہے ہاں یہ ضرور ہے کہ ہر پراجیکٹ کے ویسے ہی اپنے کچھ مسئلے مسائل ہوتے ہیں، بس مجھے میرا کردار چیلنجنگ لگا تو میں نے کر لیا اور بہت مزا بھی آیا۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ وہ کن اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں بلال اشرف کا کہنا تھا کہ ’اداکارائیں بہت باصلاحیت ہیں دیکھیں کس کے ساتھ جوڑی بنتی ہے اور کون سا پراجیکٹ کس کے ساتھ آفر ہوتا ہے، جو دل کو لگا وہ کردار کروں گا۔‘

شیئر: