Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماہرہ خان پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے روپ میں

آئی ایس پی آر کی معاونت سے بننے والی اس فلم کی کہانی معروف لکھاری عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایتکار عدنان سرور ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
’میں چاہتی ہوں فوج نے جو مجھ پر اعتماد کیا ہے نا میں اس پر پورا اتروں تاکہ یہ رستہ، یہ کھڑکی یہ دروازہ جو عورتوں کے لیے کھلا ہے وہ ہمیشہ کھلا ہی رہے۔‘
آرمی یونیفارم میں ملبوس ماہرہ خان اور ان کا پُرعزم لہجہ۔۔۔
یہ ٹیزر ہے پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بننے والی فلم ’ایک ہے نگار‘ کا جس میں نگار جوہر کا کردار ماہرہ خان ادا کر رہی ہیں۔
ویسے تو اس فلم کا پہلا ٹیزر 14 اگست کو جاری کیا گیا تھا جس میں صرف ماہرہ خان کی جھلک دکھائی گئی تھی لیکن اب دوسرے ٹیزر میں نگار جوہر کے روپ میں ماہرہ خان کی زندگی کی کچھ جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
اس ٹیزر میں لیفٹیننٹ جنرل نگار خرم کے بچپن، فوج میں شمولیت اور شادی کے کچھ مناظر دکھائے گئے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم ان کی زندگی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرے گی۔
آئی ایس پی آر کی معاونت سے بننے والی اس فلم کی کہانی معروف لکھاری عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایتکار عدنان سرور ہیں۔
اس ٹیلی فلم کی کاسٹ میں ماہرہ خان، بلال اشرف اور سہیل سمیر اور دیگر شامل ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Nina Kashif (@ninakashif)

 ماہرہ خان نے اس ٹیلی فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز ہے جنہیں میں بہت پسند کرتی ہوں جو پاک فوج کی پہلی خاتون تھری اسٹار جنرل ہیں۔ کیا زندگی، کیا کہانی ہے، وہ ہمارے درمیان موجود ایک عظیم شخصیت ہیں۔‘

لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کون ہیں؟

نگار جوہر پاکستان آرمی کی تاریخ کی پہلی خاتون افسر ہیں جنہیں گذشتہ سال لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو پاکستان آرمی کی پہلی سرجن جنرل تعینات کیا گیا ہے۔ وہ ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ 
ان کا تعلق آرمی میڈیکل کور سے ہے اور پنج پیر ضلع صوابی ان کا آبائی علاقہ ہے۔

نگار جوہر پاکستان آرمی کی تاریخ کی پہلی خاتون افسر ہیں جنہیں گذشتہ سال لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی (فوٹو: آئی ایس پی آر)

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری معلومات کے مطابق نگار جوہر نے اپنی ابتدائی تعلیم راولپنڈی کے کانونٹ گرلز ہائی سکول سے 1978 میں مکمل کی اور 1985 میں آرمی میڈیکل کالج سے گریجویشن کی اور پھر اسی کالج میں خاتون کمپنی کمانڈر کے طور پر کام کیا۔
وہ گذشتہ 30 برس سے فوج میں اپنی خدمات پیس کر رہی ہیں۔ 2010 میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف پاکستان کا امتحان پاس کیا اور اس کے علاؤہ ان کے انہوں نے فیملی میڈیسن میں ایم سی پی ایس کی ڈگری اور ایڈوانس ایڈمنسٹریشن میں ایم اے کرنے سمیت بہت سے کورسز کیے۔
لیفٹینٹ جنرل نگار جوہر نے 2015 میں سی ایم ایچ میں پہلی خاتون ڈپٹی کمانڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں، جبکہ 2017 میں انہوں نے پاکستانی فوج کی تیسری خاتون میجر جنرل کا عہدہ حاصل کیا۔ اس کے علاؤہ وہ راولپنڈی میڈیکل کالج میں وائس پرنسپل کے طور پر بھی تعینات رہ چکی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نگار جوہر کی اعلی کارکردگی کی وجہ سے انہیں اس عہدے کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

شیئر: