Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال لمبے ہوں یا چھوٹے تنقید تو ہر حال میں ہوتی ہے: ایمان سلیمان

ایمان سلیمان نہ صرف ماڈلنگ بلکہ اداکاری کے میدان میں بھی اپنی قسمت آزما چکی ہیں۔ حال ہی میں وہ گلوکارہ میشا شفیع کے گانے ’ہاٹ مینگو چٹنی ساس‘ میں نظر آئیں۔ ایمان سلیمان اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب انہوں نے ’می ٹو‘ مہم کی حمایت کرتے ہوئے 2019 میں منعقد ہونے والے لکس سٹائل ایوارڈ کا بائیکاٹ کیا تھا۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایمان سلیمان نے میشا شفیع کے گانے ’ہاٹ مینگو چٹنی ساس‘ میں اپنی پرفارمنس کے حوالے سے بتایا کہ ’جب اس گانے کو سنا تو بہت اچھا لگا، اس میں میرےکافی قریبی دوست بھی پرفارم کررہے تھے اس لیے مجھے لگا کہ اس گانے میں پرفارم کرنے کے موقع کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔‘
’میشا شفیع ویسے بھی آئیکون ہیں اور دوستوں کے ساتھ کام کرنا ایک اچھا موقع بھی تھا۔‘
ایمان سلیمان نے فلمساز اور اداکار سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کچھ ڈراموں میں بھی اداکاری کی ہے تاہم وہ زیادہ پراجیکٹس سائن نہیں کرتیں اس کی کیا وجہ ہے، اس سوال کے جواب میں ایمان نے بتایا کہ ’کسی بھی پراجیکٹ کو سائن کرنے سے قبل یہ دیکھتی ہوں کہ اس میں دیکھنے والوں کے لیے کیا پیغام ہے، ٹی وی پر عورت کو عورت کی دشمن دکھایا جا تا ہے حالانکہ اصلیت اور حالات کے بارے میں سب کو آگاہی ہے۔‘

ایمان سلیمان نے بتایا کہ ’کسی بھی پراجیکٹ کو سائن کرنے سے قبل یہ دیکھتی ہوں کہ اس میں دیکھنے والوں کے لیے کیا پیغام ہے‘ (فوٹو: ایمان سلیمان انسٹاگرام)

ایمان سلیمان کے بقول ’ساس بہو کے جھگڑے دکھانے کو ختم کریں، عورت عورت سے کتنا (پیار) کرتی ہے یہ نہیں دکھایا جاتا ہر طبقے کی عورت کس طرح رہ رہی ہے یہ دکھائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اداکاری کرنے کا مجھے شوق ہے اور اسے آگے لے کر چلنے کا ارادہ ہے۔ میں نے کچھ پراجیکٹس کیے ہیں جو ریلیز ہونے والے ہیں۔‘
ایمان سلیمان نے کچھ سال پہلے اپنے بال بالکل چھوٹے کرا لیے تھے جس پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا، اس تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’مجھے تنقید سے فرق نہیں پڑتا، لوگوں کے برا بھلا کہنے سے میں پریشان نہیں ہوتی۔ جہاں برا بھلا کہتے ہیں وہاں اچھا بھی کہتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میری فیملی خاصی سپورٹیو اور کھلے ذہن کی ہے انہوں نے مجھے چھوٹے بالوں میں بھی خوشی سے قبول کیا، بال لمبے ہوں یا چھوٹے تنقید تو ہر حال میں ہوتی ہے۔‘

ایمان سلیمان کہتی ہیں کہ ’مجھے تنقید سے فرق نہیں پڑتا، لوگوں کے برا بھلا کہنے سے میں پریشان نہیں ہوتی۔‘ (فوٹو: انسٹاگرام)

ہر اداکار کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے مرکزی کردار کرے تو کیا وہ بھی ڈراموں میں لیڈ رول کی منتظر ہین، اس سوال کے جواب میں ایمان سلیمان نے کہا کہ ’چھوٹے سے چھوٹا کردار بھی ملا تو کر لوں گی ،چھوٹے کردار میں بھی صلاحیتیں دکھائی جا سکتی ہیں بلکہ دو منٹ کے سین میں بھی آپ اپنی اداکاری دکھا سکتے ہیں۔‘
ایمان کے مطابق انہیں کیرئیر بنانے اور کام حاصل کرنے کے لیے زیادہ کوشش کرنے کی ضرورت نہیں پڑی ،ان کے پاس کام کے مواقع آتے گئے۔
ایمان سلیمان کا کہنا ہے کہ انہیں یہ تو نہیں پتہ کہ فیشن انڈسٹری صحیح سمت میں جا رہی ہے یا نہیں لیکن یہ ضرور ہے کہ اب ڈائیورسٹی آرہی ہے، پہلے صرف سائز زیرو ہوتا تھا اب ہر طرح کے سائز کی ماڈلز آرہی ہیں اور انہیں کام بھی مل رہا ہے۔

شیئر: