Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: منی پور میں فوجی قافلے پر حملہ، کرنل سمیت متعدد ہلاک

یہ حملہ سنیچر کی صبح دس بجے چوراچندپور ضلع میں کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست منی پور میں ایک مسلح حملے میں انڈین فوج کے ایک کرنل، ان کی اہلیہ اور بیٹا مارے گئے جبکہ حملے میں تین فوجی اہلکاروں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔ 
میانمار کی سرحد کے قریب ہونے والا یہ حملہ حالیہ برسوں میں شدید ترین ہے۔ 
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ حملہ سنیچر کی صبح دس بجے چوراچندپور ضلع میں کیا گیا۔
ریاست منی پور کے وزیراعلیٰ این برین سنگھ نے انڈین خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں ایک کمانڈر سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اور پیراملٹری فورسز عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ رہی ہیں۔
انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حملے کی مذمت کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کی کہ حملے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
’چوراچندر پور ضلعے میں آسام رائفلز کے قافلے پر بزدلانہ حملہ انتہائی تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔ قوم نے اس حملے میں 46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر سمیت پانچ سپاہی اور خاندان کے دو افراد کھو دیے ہیں۔‘
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق 46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کرنل وپلف ترپاتھی سنیچر کو فارورڈ کیمپ میں گئے تھے اور واپسی پر ان کے قافلے پر حملہ ہوا۔ 
تاحال کسی گروہ یا فرد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ 
دیگر شمال مشرقی ریاستوں کی طرح منی پور میں متعدد مسلح گروہ موجود ہیں جو اپنی علیحدگی یا آزادی کے لیے لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کئی دہائیوں سے اس ریاست میں فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کی سرحدیں چین، میانمار، بنگلہ دیش اور بھوٹان سے ملی ہیں۔
2015 میں عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں 20 سپاہی منی پور ہی میں ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد فوج نے ان کے کیمپ پر سرجیکل سٹرائیک کی تھی۔

شیئر: