Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ق لیگ کو حکومت سے تحفظات،’ہم ساتھ نبھا رہے ہیں یہ نہیں نبھا رہے‘

پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ ’پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حکمران تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے حکومت سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اتوار کی شام طلب کرلیا ہے۔
مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم تین سال سے انہیں وفاق اور صوبے میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں لیکن یہ نہیں نبھا رہے۔‘
سنیچر کو ایک بیان میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ’پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلعے میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔‘
مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری جنرل کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ ’حکومت کو یاد دلانے کے لیے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے، کیا یہ بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر انہیں کامیابی ملی۔‘
’حکمران یہ بھی بھول گئے ہیں کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کے لیے بھی نہیں آیا پھر بھی انہیں سینیٹ کے مشکل ترین انتخابات میں ہم نے انہیں کامیابی کے ساتھ نکالا۔‘
یاد رہے کہ مسلم لیگ ق کے قومی اسمبلی میں چار ارکان ہیں جن میں سے دو چودھری مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ وفاقی وزرا ہیں۔ 
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 10 ہے۔

آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا: عثمان بزدار

وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کا مسلم لیگ ق کے اعتراضات پر کہنا ہے کہ یہ پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ’مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائیں گے‘ (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)

سنیچر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں عثمان بزادر نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب میں ہمیشہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہوگا۔
مسلم لیگ ق کے ساتھ بہترین ہم آہنگی کے تحت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائیں گے۔‘
عثمان بزدار نے کہا کہ ’سعودی عرب روانگی سے قبل بھی سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔ آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔‘

شیئر: