Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابا گرو نانک کا جنم دن: آٹھ ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان آئیں گے

اس سال گرو نانک کی تقریبات کا آغاز 17 نومبر کو ہوگا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دنیا بھر سے آٹھ ہزار سے زائد سکھ یاتری بابا گرو نانک کے 552 ویں جنم دن کے لیے پاکستان آئیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سنیچر کو ٹویٹ کی کہ رواں سال بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں دنیا بھر سے آٹھ ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان آئیں گے۔
فواد چودھری نے مزید لکھا ’صوفیوں، گرووں اور یوگیوں کی سرزمین میں خوش آمدید۔‘ 
ہر سال ہزاروں سکھ یاتری سکھ مذہب کے بانی گرو نانگ کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آتے ہیں۔
مرکزی تقریب گرو نانک کی جائے پیدائش پاکستانی پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں واقع گردوارہ جنماستھن میں میں منعقد ہوتی ہے۔
اس سال کی تقریبات کا آغاز 17 نومبر کو ہوگا۔
واضح رہے کہ سکھ ثقافت کا ایک بڑا حصہ پاکستان میں پایا جاتا ہے۔
اس میں کرتارپور میں واقع گردوارہ دربار صاحب شامل ہے، جوکہ سکھ برادری کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ گرو نانک کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گرووں، صوفیوں اور یوگیوں کی سرزمین پر خوش آمدید۔‘ فائل فوٹو: اے ایف پی

گرو نانک نے 1515 میں کرتارپور کا علاقہ قائم کیا تھا اور وہی ان کا آخری آرام گاہ بھی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن نے گرو نانک کی سالگرہ کی تقریبات میں حصہ لینے کے لیے انڈین سکھ یاتریوں کو تین ہزارے ویزے جاری کیے ہیں۔
پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سکھ یاتری مختلف گردواروں میں حاضری دینے جائیں گے۔ ان میں گردوارہ جنماستھن اور گردوارہ دربار صاحب شامل ہیں۔
نومبر 2019 میں پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر گردوارہ دربار صاحب تک بغیر ویزہ رسائی کی سہولت کا آغاز کیا تھا۔ اس سے انڈیا میں سکھ افراد کو کرتارپور تک بغیر ویزے کے رسائی حاصل ہوئی ہے۔
9 نومبر 2019 کو اس راہداری کے کھلنے سے 1947 کے بعد پہلی بار انڈین سکھ یاتری بغیر ویزہ کے پاکستان داخل ہو سکے تھے۔

شیئر: