Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پورا ملک کرتارپور بنا دیا جائے؟

ملک میں بجلی کے منصوبے لگے تو منصوبے لگانے والوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑی۔ فوٹو اردو نیوز
مجھے نہیں معلوم کہ کرتار پور راہداری کا منصوبہ کب بنا؟ سکھ بھائیوں کی محرومیاں کب شروع ہوئیں؟ کب ہم سکھ یاتریوں کی محرومیوں کے عشق میں مبتلا ہوئے؟ اس منصوبے پر کتنی لاگت آئی؟ کب اور کس نے اس کے تخمینے پر دستخط کیے؟ منصوبے کے لیے فنڈز کیسے جمع ہوئے؟ اس منصوبے کے لیے اتنی بڑی زمین کیسے حاصل کی گئی؟ کیا زمین والوں کو ان کی لاگت ادا کی گئی یا نہیں؟ کس کس نے تعمیر میں حصہ لیا؟
مجھے یہ بھی علم نہیں اس منصوبے سے ہم پر بین الاقوامی اثرات کیا پڑیں گے؟ انڈیا کا دل ہمارے اس برادرانہ اور مخلصانہ قدم سے کتنا موم ہوگا؟ اس منصوبے سے ایف اے ٹی ایف کے خطرناک عزائم پر کیا اثر پڑے گا؟ آئی ایم ایف کی اگلی قسط میں اس منصوبے کے بعد کچھ شرائط نرم ہوں گی یا ظلم کا بازار اسی طرح گرم رہے گا؟ دنیا اس بھائی چارے کی مثال کو کس رنگ سے دیکھے گی؟ افغانستان کی صورت حال پر کرتار پور راہداری کا کیا اثر پڑے گا؟

 

مجھے نہیں پتہ کہ اس راہداری کے افتتاح کے بعد کیا وزیراعظم مودی عمران خان کی کال اٹھائیں گے یا نہیں؟ بابری مسجد کی تعمیرِ نو بھی کرتار پور راہداری کی طرح ہو گی؟ انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم ختم ہو گا یا نہیں؟ جس طرح ہمارے خون نے سکھوں کے لیے جوش مارا ہے کیا اس طرح انڈیا میں دیگر مذاہب کے ماننے والوں کا خون بھی ہماری محبت میں جوش مارے گا یا نہیں؟ اس راہداری کے افتتاح کے بعد کیا ہم پر جو الزامات بین الا قوامی سطح پر لگائے جاتے ہیں ان میں کوئی کمی ہو گی یا نہیں؟ کیا یہ منصوبہ بھی سی پیک کی طرح گیم چینجر ثابت ہو گا یا نہیں؟
مجھے صرف اتنا علم ہے کہ ابھی تھوڑا عرصہ پہلے ہی  میں نے اس منصوبے کا کہیں خال خال ذکر سنا تھا۔ چند ماہ پہلے ہی مجھے سکھ بھائیوں کی محرومی کا ادارک کروایا گیا۔ آناً فاناً اس راہداری کا ذکر خبروں میں پہلے پہل ہونا شروع ہو گیا۔ مجھے پتہ ہے کہ اس منصوبے پر تعمیر شروع ہو گئی تھی مگر یہ منصوبہ کب مکمل ہونا تھا اس بارے میں کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔
مجھے نہ اس منصوبے پر کوئی اعتراض ہے نہ اس کی حمایت میں میرے پاس کچھ دلائل ہیں میرے پاس تو کرتارپور راہداری کی سرعت تعمیر کے حوالے سے صرف حیرت ہے۔
مجھے یہ پتہ ہے کہ پاکستان میں سیکنڑوں ہزاروں سکول ایسے ہیں جن کی عمارتیں تعمیرِ نو کی منتظر ہیں۔ جہاں فرنیچر کے نام پر صرف ٹاٹ ہیں۔ جہاں چاک طلبہ اپنی جیب سے خرید کر لاتے ہیں۔ جس دن بارش ہوتی ہے ان سکولوں میں چھٹی ہوتی ہے۔ جہاں دہائیوں سے توسیع کے نام پر ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی ہے۔ جہاں بوسیدہ عمارتیں کسی وقت بھی معصوم طلبہ پر گر سکتی ہیں۔ مجھے پتہ ہے وہ سارے طلبہ اساتذہ کرتارپور راہداری کی طرف للچائی نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔

مجھے پتہ ہے اس ملک میں چھوٹی عدالتوں کا کیا حال ہے۔ جہاں گرمی میں پنکھا موجود نہیں ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

مجھے پتہ ہے اس ملک میں بے شمار ایسے ہسپتال ہیں جہاں علاج کی سہولت ممکن ہی نہیں۔ جہاں عمارتیں لرز رہی ہیں اور چھتیں ٹپک رہی ہیں۔ جہاں سٹاف کی کمی ہے۔ جہاں پارکنگ نہیں ہے۔ جہاں اگر ایمبولینس موجود بھی ہے تو اس میں پٹرول ڈالونے کے پیسے نہیں ہیں۔ جہاں ادویات کا بجٹ نہیں۔ جہاں مریض درختوں کی چھاؤں میں ڈرپ لگوا رہے ہوتے ہیں۔
مجھے پتہ ہے کہ اس ملک میں کتنے ہی ایسے تھانے ہیں جہاں سٹیشنری کا بجٹ نہیں ہے۔ جہاں سائل کاغذ اور قلم  خود خرید کے لاتا ہے۔ جہاں گشت کرنے والے پولیس والوں کی موٹر سائیکلوں میں پٹرول ڈلوانے کا بجٹ نہیں ہے۔ جہاں عمارتوں کو کیڑوں نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ جہاں تنخواہ اتنی کم ہے کہ رشوت کا جواز بن گئی ہے۔
مجھے پتہ ہے اس ملک میں چھوٹی عدالتوں کا کیا حال ہے۔ جہاں گرمی میں پنکھا موجود نہیں ہے۔ پینے کا پانی میسر نہیں ہے۔ بیٹھنے کے لیے سٹول موجود نہیں ہے۔ جہاں وکیل اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے پھٹے لگا کر بیٹھتے ہیں۔ جہاں مجرم کو لانے لیے رکشے کا استعمال کیا جاتا ہے۔

کرتار پور راہداری کے افتتاح سے یہ تو معلوم ہوتا ہے کہ ہم اگر ٹھان لیں تو کوئی بھی کام کر سکتے ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا

مجھے پتہ ہے اس ملک میں اورنج ٹرین اور موٹر وے بنی تو کرپشن کے الزام لگے۔ ایل این جی آئی تو کمیشن کی گردان شروع ہو گئی۔ بجلی کے منصوبے لگے تو منصوبے لگانے والوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑی۔
کرتار پور راہداری کے افتتاح سے یہ تو معلوم ہوتا ہے کہ ہم اگر ٹھان لیں تو کوئی بھی کام کر سکتے ہیں۔ اس راہداری کو دیکھ کر کئی پاکستانی یہ سوال کرر ہے ہیں کہ سکھوں کی محرومیاں کیا پاکستانیوں کی 73 برس کی محرمیوں سے زیادہ ہیں؟ کیا ان کا غم عظیم ہے اور ہماری محرومیاں کم تر ہیں؟
سردست اس ملک میں عزت، محبت حاصل کرنے اور ترقی کے منصوبے مکمل کروانے اور پاکستان کی محرومیوں کا کیا بس یہی حل ہے کہ اگر ملک کو برق رفتاری سے ترقی یافتہ بنانا ہے تو سارے پاکستان کو کرتارپور راہداری بنا دیا جائے؟
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں/کالمز و بلاگز کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: