Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا ہوا تیرا وعدہ؟‘: ثانیہ مرزا کی سالگرہ اور شعیب ملک کا گانا

سالگرہ پر انڈین گلوکار فاہمل خان کو مدعو کیا گیا تھا۔ (تصویر: فاہمل خان)
پاکستان میں سینکڑوں بالی وڈ کے گانے مشہور ہیں لیکن ان میں سے سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا گانا کونسا ہے یہ بتانا تھوڑا مشکل ہے لیکن ایک ایسا گانا ضرور ہے جو نہ صرف عام پاکستانی بلکہ ملک کی شخصیات بشمول کھلاڑی اور سیاسی خاندان کے لوگ بھی گاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
انڈین ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے 15 نومبر کو اپنی 35 ویں سالگرہ منائی ہے اور اس موقع  پر نہ صرف ایک خوبصورت کیک کاٹا گیا بلکہ شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کے لیے ایک گانا بھی گنگنایا۔

اس سالگرہ کی تقریب پر ممبئی کے گلوکار اور موسیقار فاہمل خان کو مدعو کیا گیا تھا اور ان کے ساتھ مل کر شعیب ملک نے اپنی اہلیہ کے لیے بالی وڈ کا مشہور ترین گانا ’کیا ہوا تیرا وعدہ‘ گایا۔
یہ گانا انڈیا کے لیجنڈ گلوکار محمد رفیع نے 1977 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہم کسی سے کم نہیں‘ کے لیے گایا تھا اور فلم کے موسیقار تھے آر ڈی برمن۔
شعیب ملک سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر نے رواں سال اگست میں اپنی لندن میں ہونے والی شادی میں بھی یہ گانا گایا تھا اور ان کی آواز میں اس گانے کو سوشل میڈیا پر بہت پزیرائی بھی ملی تھی۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کو 11 سال ہو چکے ہیں اور ان کا بیٹا ازہان ملک مرزا تین سال کا ہو چکا ہے۔
ثانیہ مرزا کی سالگرہ پر ان کے دوستوں نے بھی انہیں کے لیے نیک تمناؤں کے پیغامات بھیجے۔
سابق کرکٹر اظہر محمود کی اہلیہ عبا قریشی نے ثانیہ مرزا کو ’پارٹنر ان کرائم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’دل کی چیتی‘ ہیں۔
انہوں نے اپنی اور ثانیہ کی تصویر بھی ٹوئیٹ کی اور لکھا ’ہیپی برتھ ڈے چیتی۔‘
اپنی سالگرہ پر ثانیہ مرزا پاکستان میں ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک تھیں کیونکہ صارفین کی بڑی تعداد ’بھابھی‘ کو جنم دن کی مبارکباد دے رہی تھی۔
بابر حنیف نامی صارف نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہمیں سرحدوں نے تقسیم کیا، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے متحد کردیا۔‘
’ہیپی برتھ ڈے ٹو بھابھی۔‘
’اٹز ستی‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی تصاویر پوسٹ کیں اور لکھا ’ہیپی برٹھ ڈے ٹو یو پورے پاکستان کی بھابھی۔‘

شیئر: