Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: آندھرا پردیش میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 17 ہلاک

گذشتہ چند دنوں کے دوران مختلف اضلاع سے ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
انڈیا کی ریاست آندھرا پردیش میں کئی دنوں کی شدید بارشوں کے بعد کم از کم 17 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریاست جمعرات سے شدید طوفانی بارشوں کی زد میں ہے، جس سے کم از کم پانچ اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی رات دیر گئے ایک عمارت کے گرنے سے تین افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی۔
ملبے تلے دبے 10 افراد کو بچا لیا گیا لیکن دو ابھی تک لاپتہ ہیں۔
قبل ازیں جمعہ کی صبح ایک بس کے سیلاب میں بہہ جانے کی وجہ سے اس میں سوار کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ لاپتہ مسافروں کی تلاش اور بچاؤ کی کوششیں سنیچر کو بھی جاری رہیں۔
گذشتہ چند دنوں کے دوران مختلف اضلاع سے ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس کی ٹیموں کو سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے اور مقامی حکام نے سینکڑوں خاندانوں کو بچا کر پناہ گاہوں میں منتقل کیا ہے۔
سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سے ایک کڑپہ میں مسلسل بارشوں اور سیلاب نے حکام کو مقامی ہوائی اڈے کو جمعرات تک بند کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ڈیموں اور ٹینکوں میں ٹوٹ پھوٹ کے باعث مزید سیلاب آ گیا ہے جس سے سینکڑوں دیہات تباہ ہو گئے ہیں اور بہت سے رہائشی اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
اس وقت جنوبی ہندوستان میں بارشیں غیر معمولی نہیں ہیں، حالانکہ ملک نے اس سال طویل مون سون دیکھا ہے جبکہ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے بارشوں کو مزید شدید اور متواتر بنا کر مسئلہ کو بڑھا دیا ہے۔

شیئر: