Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کی ’لاپتا‘ ٹینس سٹار پینگ شوائی منظرعام پر

پینگ شوائے ان کی غیر حاضری پر ٹینس کے نامور کھلاڑیوں اور اقوام متحدہ نے آواز اٹھائی تھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
چین کی مشہور ٹینس کھلاڑی پینگ شوائی کی خیریت معلوم کرنے کے لیے عالمی دباؤ بڑھنے کے بعد ان کی ایک تقریب میں شرکت کی سرکاری تصاویر جاری کی گئی ہیں جن میں وہ بیجنگ میں ہونے والے ٹینس ٹورنامنٹ میں نظر آئیں۔
واضح رہے کہ پینگ شوائی نے رواں ماہ کے آغاز میں سابق نائب وزیراعظم ژنگ گاؤلی کے بارے میں کہا تھا کہ انہوں نے پینگ شوائی کے ساتھ ’زبردستی‘ جنسی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔
اس کے بعد وہ عوامی سطح پر نظر نہیں آئی تھیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان کی غیر حاضری پر ٹینس کے نامور کھلاڑیوں اور اقوام متحدہ نے عالمی سطح پر آواز اٹھائی تھی۔
چین کے سرکاری میڈیا کے صحافیوں نے کچھ فوٹیجز جاری کی ہیں جن کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ پینگ شوائی خیریت سے ہیں۔
گلوبل ٹائمز اخبار کے ایڈیٹر ہو شی جن نے مذکورہ تقریب کی ویڈیو ٹویٹ کی ہے جس میں پینگ شوائی کو ایک سٹیڈیم میں دیکھا جا سکتا ہے۔
گلوبل ٹائمز کے ایک اور صحافی نے دوسری ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی ہے جس میں پینگ شوائی کو بچوں کو آٹوگراف دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
شی جن کی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پینگ شوائی کوٹ زیب تن کیے اور ماسک پہنے ایک ریستوران میں داخل ہو رہی ہیں۔
تاہم اے ایف پی ان ویڈیوز کی تصدیق نہیں کر سکا۔
پینگ شوائی کے سابق نائب وزیراعظم کے بارے میں الزام کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے کہ چین کی می ٹو مہم حکومتی جماعت کمیونسٹ پارٹی کی اعلیٰ قیادت تک پہنچی ہے۔
پینگ شوائی کے الزامات چین کے ٹوئٹر جیسے پلیٹ فارم ’ویبو‘ سے فوری ہٹا لیے گئے تھے اور تب سے ان کی حفاظت کے حوالے سے افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

ویمنز ٹینس اسوسی ایشن کے پینگ شوائے کی حفاظت پر چین کے ساتھ تعلقات نازک موڑ پر ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ہو شی جن کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ریستوران کی ویڈیوز میں سے ایک کے بارے میں ویمنز ٹینس اسوسی ایشن کے سربراہ سٹیو سائمن کا کہنا ہے کہ انہیں پینگ شوائے کی تصاویر دیکھ کر خوشی ہوئی۔
تاہم ’یہ غیر واضح ہے کہ آیا وہ بغیر کسی زور زبردستی کے فیصلے کر رہی ہیں یا نہیں۔‘
ایک بیان میں سٹیو سائمن کا کہنا تھا کہ ’یہ ویڈیو کافی نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ آگے کے لائحہ عمل کے بارے میں انہوں نے واضح طور پر بات کر لی ہے اور ویمنز ٹینس اسوسی ایشن کے اس معاملے پر چین کے ساتھ تعلقات نازک موڑ پر ہیں۔
واضح رہے کہ ویمنز ٹینس اسوسی ایشن نے چین کے ساتھ بھاری رقم کے کانٹریکٹس ختم کرنے کی دھمکی دی ہے، جب تک پینگ شوائے کی حفاظت تصدیق نہیں کی جاتی۔
چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ انہوں نے پینگ شوائے کی خیریت کا ثبوت جاری کر دیا ہے۔

شیئر: