Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ ہم غریب کے گھر کھانا کھانے چلیں گے؟‘ رکشہ ڈرائیور کی وزیراعلیٰ کو دعوت

دہلی کے وزیراعلی لدھیانہ میں تقریب میں شریک تھے (فوٹو: عام آدمی پارٹی)
سیاسی رہنما ہوں یا حکومتی شخصیات، عوامی اجتماعات کے دوران کچھ نا کچھ ایسا ہوتا رہتا ہے جو دیکھنے والوں کو معمول سے ذرا ہٹ کر محسوس ہوتا اور ان کی بھرپور توجہ پاتا ہے۔
انڈین دارالحکومت دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال کے ساتھ بھی ایک پروگرام کے دوران کچھ ایسا ہی معاملہ ہوا جب شرکائے پروگرام کے درمیان بیٹھے ایک فرد نے انہیں اپنے گھر کھانے کی دعوت دے ڈالی۔
کیجروال کو ملنے والی دعوت اس لحاظ سے بھی منفرد تھی کہ اس کے لیے انہیں روایتی ٹھاٹھ باٹ کے بجائے ایک آٹو رکشہ میں بیٹھ کر جانے کی شرط بھی عائد کی گئی۔
پروگرام کے دوران مائک پر گفتگو کرتے ہوئے درمیانی عمر کے فرد نے وزیراعلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا بہت بڑا فین ہوں، میں ایک آٹو والا ہوں آپ آٹو والوں کی بہت مدد کرتے ہیں، کیا آپ ہمارے گھر کھانا کھانے چلیں گے؟
اس کے جواب میں وزیراعلی دہلی نے پوچھا کہ ’آج رات کو؟‘ جواب ملنے پر انہوں نے سٹیج پر اپنے دائیں، بائیں موجود افراد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم تینوں آئیں گے‘۔
وزیراعلیٰ کو مدعو کرنے والے فرد نے مائک میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ انہیں اپنے آٹو رکشہ پر ہی دعوت پر گھر لے کر جانا چاہتے ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کردہ ایک الگ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ بعد میں وزیراعلی آٹو رکشہ میں بیٹھ کر تقریب کے مقام سے دعوت میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
اروند کجریوال دعوت کھانے کے لیے دلیپ تیواری نامی رکشہ ڈرائیور کے گھر پہنچے تو ان کا کہنا تھا کہ آٹو اور ٹیکسی ڈرائیورز کے ساتھ ایک نشست میں انہیں کھانے کی دعوت ملی۔ جس کے بعد وہ یہاں پہنچے تو انتہائی خوش ذائقہ کھانا کھانے کو ملا۔
اب میں نے ان کے اہل خانہ کو دعوت دی ہے کہ وہ کھانے کے لیے دہلی میں میرے گھر آئیں۔

شیئر: