Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وائٹ واش اور انڈیا کو شکست،’وکٹری پریڈ ہونی چاہیے‘

تین میچوں پر مشتمل او ڈی آئی سیریز میں پاکستان نے سری لنکا کو وائٹ واش کیا (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان میں کرکٹ میں جیت ہو یا ہار میڈیا میں ٹرینڈ لازمی بنتا ہے اور اگر وائٹ واش کی خوشی کے ساتھ انڈیا  کو شکست دی ہو، چاہے وہ اے ٹیم ہی کیوں نہ تو سوشل میڈیا کے علاوہ دن بھر ٹی وی چینلز کے ہر بلیٹن کی ایک بڑی خبر ضرور رہے گی۔
اتوار کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے سری لنکا کو 0-3 سے شکست دی جبکہ دوحہ میں پاکستان شاہینز نے انڈیا کی اے ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا تھا۔
جہاں پاکستان ٹیم کی فتح اور سری لنکا کے دورہ پاکستان کو کرکٹ فینز کی جانب سے سراہا جا رہا ہے وہیں پاکستان شاہینز کی انڈیا پر برتری بھی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے انڈیا کا 137 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 14ویں اوور میں حاصل کیا تھا۔
کرکٹ فینز کی جانب سے پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہینز کی جیت پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
شاہ زیب علی نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’بالآخر طویل انتظار کے بعد پاکستان نے اںڈیا کو کرکٹ میچ میں شکست دے دی۔‘
ایکس صارف خرم نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹیم کا جذبہ اور پاکستان کی نمائندگی کے لیے ان کی لگن واقعی قابلِ تعریف ہے، اس باصلاحیت گروپ کے اگلے کارناموں کا بے صبری سے انتظار ہے۔‘
نبراز رمضان نے کچھ یوں تبصرہ کیا کہ ’مبارک ہو پاکستان، سیریز شاید آپ کی ہوئی لیکن سری لنکا نے اس سے کہیں بڑی کامیابی حاصل کی۔ ہم نے دہشت گردی کو شکست دی، تینوں ون ڈے میچوں میں بے خوف ہو کر میدان میں اُترے اور سچے ہیرو بن کر سامنے آئے۔‘
حسن عباسین نے لکھا کہ ’کرکٹ کے لیے کیا ہی شاندار دن تھا، انڈیا نے باووما کو باڈی شیمنگ کا نشانہ بنانے کے بعد جنوبی افریقہ سے شکست کھائی، پاکستان کی ون ڈے ٹیم نے ایک اور سیریز جیت لی، پاکستان شاہینز نے انڈیا کی اے ٹیم کو یکطرفہ انداز میں شکست دی۔‘
انٹرنیٹ کرکٹ سرکٹ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’بہت اعلیٰ، اس خوشی میں لاہور میں وکٹری پریڈ ہونی چاہیے اور حکومت کو چھٹی کا اعلان کرنا چاہیے۔‘
حسن نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’چیئرمین پی سی بی ان کھلاڑیوں کا دفاع کر رہے ہیں جو ایک عرصے سے سخت تنقید کی زد میں تھے۔‘

فہیم خان مروت نے لکھا کہ ’پاکستان کا سیریز میں مخالف ٹیم کو وائٹ واش کرنا عمدہ ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان ہر سلاٹ کے لیے بیک اپ رکھے۔‘

بابر علی خان نے ردعمل میں لکھا کہ ’محسن نقوی صاحب باقی وینیوز بھی اپ گریڈ کی جیے، ہم کراچی، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں بھی میچز دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
کفایت علی نے فیس بُک پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بابر اعظم دوسرے او ڈی آئی میں سینچری کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر سٹرگل کرتے نظر آئے، انہیں جب جب اچھے بولرز ملیں گے ان کے ساتھ یہی ہو گا۔‘

 

شیئر: