تیجس کریش: حادثے سے قبل پائلٹ نمنش سیال کے آخری لمحات کی ویڈیوز منظرِ عام پر
دبئی ایئر شو میں 2025 میں جمعے کو انڈین ایئرفورس کقا تیجس لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہوا، جس میں انڈین فضائیہ کے وِنگ کمانڈر نمنش سیال جان کی بازی ہار گئے۔
وِنگ کمانڈر نمنش سیال کی کریش سے پہلے دبئی ایئر شو کے دوران مصروفیات کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
جمعے کی صبح کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نمنش سیال انڈیا کے وزیرِ مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، متحدہ عرب امارات میں انڈیا کے سفیر دیپک مِتّل، اور وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (خلیج) اسیم مہاجن سے ملاقات کر رہے ہیں، جس کے بعد وہ گروپ فوٹو کے لیے پوز دیتے ہیں۔
نمنش سیال کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وِنگ کمانڈر نمنش سیال کو دبئی ایئر شو میں ٹیک آف سے چند لمحے پہلے مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو ٹوئٹر صارف میجر سوریندر پونیا نے شیئر کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیجس مختلف کرتب دکھا رہا تھا کہ اچانک اس کی بلندی کم ہونے لگتی ہے اور وہ زمین کی طرف تیزی سے گرتا ہے۔ جائے حادثہ سے دھوئیں کا بادل اٹھتا ہے، اور امدادی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ جاتی ہیں۔
اس دوران فوری طور پر فضائی مظاہرے روک دیے گئے، اور وزیٹرز کو نمائش کے علاقوں کی طرف منتقل کر دیا گیا جبکہ ریسکیو کارروائیاں جاری رہیں۔
وِنگ کمانڈر نمنش سیال کون تھے؟
34 سالہ سیال کا تعلق ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑہ کے گاؤں پاتیالکر سے تھا۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ، جو خود بھی آئی اے ایف میں افسر ہیں، چھ سالہ بیٹی اور والدین شامل ہیں۔ وہ ایک تجربہ کار پائلٹ تھے اور ان کے اہل خانہ کے مطابق وہ جلد پروموشن ملنے کی امید کر رہے تھے۔
حادثے کی خبر آنے کے وقت ان کے اہل خانہ فضائیہ کے مختلف اڈوں پر تھے۔ ایک رشتہ دار رمیش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ’وہ بہت ہی منکسرالمزاج تھے… گاؤں کے لوگ صدمے میں ہیں۔‘
آئی اے ایف نے تیجس طیارے کے مظاہرے کے دوران پیش آنے والے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا ہے۔
