Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمعرات سے پمپس پر پیٹرول دستیاب نہیں ہوگا؟

پی ایس او کی جانب سے کہا گیا کہ ملک بھر میں تمام پی ایس او سٹیشنز پر پٹرول دستیاب ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے جمعرات سے ملک بھر میں پیٹرول فلنگ سٹیشنز بند کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم پاکستان سٹیٹ آئل نے ہڑتال سے لاتعقلی ظاہر کی ہے۔
پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نعمان بٹ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’جمعرات سے ملک بھر کے تمام سٹیشنز صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت تک پیٹرول فراہم کرنا بند کر دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت نے 17 نومبر تک مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم تاحال حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔‘
واضح رہے کہ پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے 6 فیصد تک مارجن بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا جس کی منظوری کے بعد حکومت نے معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔ 
دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ ’ہم پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، مارجن پر نظر ثانی سے متعلق سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کرچکے ہیں۔ ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں فیصلہ ہوجائے گا۔‘
ادھر پاکستان سٹیٹ آئل کی جانب سے کہا گیا کہ ملک بھر میں پی ایس او کے تمام سٹیشنز پر پیٹرول دستیاب ہوگا۔

شیئر: