Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی

ممنوعہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت آنے کے بعد یہاں فراہم کی جانے والی کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سفری پابندیوں میں شامل ممالک میں سے پاکستان سمیت مزید چھ ممالک کے مسافروں کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت دے دی گئی ہےـ
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق پاکستان، انڈیا، انڈونیشیا، برازیل، مصر اور ویتنام سے آنے والوں کو اب کسی دوسرے ملک میں 14 دن قیام کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ براہ راست سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے سبب پاکستان اور انڈیا سمیت انڈونیشیا، ویتنام، مصر اور برازیل سے ایسے مسافروں، جنہوں نے مملکت میں ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائی تھیں، کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت نہیں تھی۔
پاکستان سمیت مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو یکم دسمبر 2021 بروز بدھ سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہوگی۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کہا ہے کہ وہ پروازیں چلانے کے لیے تیار ہے اور جیسے ہی اعلان کی تحریری صورت سامنے آتی ہے بکنگ شروع کر دی جائے گی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو پانچ  دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے اس سے قطع نذر کہ انہوں نے اپنے ممالک میں کورونا ویکسین لگوائی ہوـ
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام مسافروں کو مقررہ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔
واضح رہے بیرون مملکت سے آنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل منظور شدہ لیبارٹری سے ’پی سی آر‘ ٹیسٹ کرانا ہوگا جس کی رپورٹ متعلقہ ادارے کو فراہم کی جائے گی۔ 
مملکت آنے والے مسافروں کو پانچ دن کےلیے ہوٹل قرنطینہ میں قیام کرنا ضروری ہوگا اور پانچویں دن انہیں مزید کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں قرنطینہ کی پابندی سے استثنی دیا جائے گاـ 
مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت آنے کے بعد یہاں فراہم کی جانے والی کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔ 
ضوابط کے تحت لازمی ہے کہ مملکت پہنچنے سے قبل وزارت داخلہ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ابشر‘ کے ’قدوم ‘ پورٹل پر رجسٹرکرایا جائے جس میں ویکسین کی تفصیلات درج ہونا چائیں جن میں ویکسین یافتہ اور غیر ویکسین یافتہ کی وضاحت کی جاتی ہے۔
 

شیئر: