Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی نئی قسم، آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر روک دیا گیا

آئی سی سی کے ایونٹ کے سربراہ کرس ٹیٹلی نے کہا ہے کہ ’ہم بہت مایوس ہیں کہ ہمیں یہ ایونٹ کینسل کرنا پڑ رہا ہے (فوٹو:کرک انفو)
کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر روک دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ ہرارے میں منعقد ہونے والا آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر روک دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی نئی قسم کے جنوبی افریقہ میں پھیلاؤ کے پیش نظر میزبان ملک زمبابوے سمیت افریقی ممالک میں لگائی گئی سفری پابندیوں کی وجہ سے ایونٹ ختم کیا گیا ہے۔ 
آئی سی سی کے ایونٹ کے سربراہ کرس ٹیٹلی نے کہا ہے کہ ’ہم بہت مایوس ہیں کہ ہمیں یہ ایونٹ کینسل کرنا پڑ رہا ہے لیکن کئی افریقی ممالک کی جانب سے مختصر وقت میں لگائی گئی سفری پابندیوں کی وجہ سے یہ خدشہ ہے کہ ٹیمیں اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکیں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس ایونٹ کو مکمل کرنے کے لیے بہت سی آپشنز پر غور کیا تاہم یہ ممکن نہیں ہو سکا اور ہم ٹیموں کو زمبابوے سے جلد سے جلد روانہ کریں گے۔‘
کرس ٹیٹلی نے بتایا  کہ ’بنگلہ دیش، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں اب آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ سری لنکا اور آئر لینڈ آئی سی سی چیمپیئن شپ کے اگلے مرحلے میں انہیں جوائن کریں گی۔‘
جو ٹیمیں چار مارچ سے تین اپریل تک نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائے کر چکی ہیں ان میں آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔
آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کے تیسر مرحلے (2025-2022) میں ٹیموں کی تعداد 10 تک بڑھا دی گئی ہے اور ان ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، پاکستان، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور آئرلینڈ شامل ہیں۔

شیئر: