Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے سعودی عرب پہلی براہ راست پرواز یکم دسمبر کو، ایئر لائنز کے دفاتر پر رش

مسافروں کے مطابق ابھی تک پی آئی اے کی جانب سے قرنطینہ پیکجز کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ فوٹو: اردو نیوز
سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت مزید چھ ممالک کے مسافروں کو براہ راست مملکت آنے کی اجازت کے اعلان کے بعد جمعے کو پاکستان سے سعودی عرب جانے کے خواہش مند افراد نے ایئرلائنز کے دفاتر کا رخ کر لیا۔
 اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے مطابق پاکستان سے پہلی پرواز یکم دسمبر کو دن دو بجے روانہ ہو گی۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت چھ مزید ممالک سے آنے والے مسافروں کو یکم دسمبر 2021 بروز بدھ سے براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہو گی۔ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ ممالک سے آنے والے مسافروں کو پانچ دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے خواہ انہوں نے اپنے ممالک میں کورونا ویکسین بھی لگوائی ہوـ
اسلام آباد میں پی آئی اے اور سعودی ایئر لائنز کے دفاتر میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔
سعودی ایئر لائنز کے دفتر کے باہر اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ براہ راست پروازوں کے کھلنے پر بہت خوش ہیں تاہم ابھی تک سعودی عرب میں پانچ دن قرنطینہ کے پیکج کے حوالے سے انہیں زیادہ معلومات دستیاب نہیں۔
زیادہ تر مسافروں کے پاس سعودی عرب کی پروازوں کے لیے اپنے کئی ماہ قبل خریدے گئے ٹکٹ موجود تھے اور وہ انہیں کنفرم کروانے کے لیے آئے تھے۔ وہاں موجود کئی مسافر سعودی ایئر لائن کی ویب سائٹ پر قرنطینہ پیکجز دیکھ رہے تھے جن کی قیمتیں پندرہ سو ریال سے لے کر دس ہزار ریال تک ہیں۔
خیال رہے کہ یہ پیکجز مئی ، جون 2021 کے لیے ویب سائٹ پر جاری کیے گئے تھے اور امکان ہے کہ موجودہ حالات میں نئے پیکجز کا اعلان کیا جائے گا۔

 اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے مطابق پاکستان سے پہلی پرواز یکم دسمبر کو دن دو بجے روانہ ہو گی۔ فوٹو: اردو نیوز

مسافروں کے مطابق ابھی تک پی آئی اے کی جانب سے قرنطینہ پیکجز کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد میں سعودی ایئر لائنز  کے دفتر کے باہر اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے طورخم سے آئے ہوئے محمد عارف نے بتایا کہ انہیں رات گیارہ بجے براہ راست پروازوں کے کھلنے کا پتا چلا تو بہت خوش ہوئے اور صبح صبح اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے۔
محمد عارف نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے پاکستان میں ہیں اور سعودی عرب میں جی سی پی آپریٹر کے طور پر کام کرتے تھے۔ ’میں نے پانچ ماہ سے ٹکٹ لیا ہوا تھا اور پاکستان میں ویکیسن کی دونوں ڈوز لگوا لی ہیں تاہم پروازوں کے کھلنے کا انتظار تھا۔‘
ایک اور مسافر انور علی نے بتایا کہ انہیں پروازیں کھلنے کی خوشی ہے تاہم پریشان ہیں کہ اتنے ماہ کی بیروزگاری کے بعد قرنطینہ پیکج کے لیے رقم کا انتظام کیسے کریں گے۔

شیئر: