Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حلقہ این اے 133: مبینہ ویڈیو کی رپورٹس منگل کو جمع کرائی جائے گی

حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب پانچ دسمبر کو ہو رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور میں حلقہ این اے 133 میں انتخابات کا وقت قریب ہونے کے ساتھ ساتھ صورتحال پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے تاہم الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن مقرر وقت پر ہوگا۔
سوموار کو اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا ایک اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ 
ووٹوں کی خرید وفروخت کے معاملے پر صوبائی الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اجلاس کے اہم فیصلوں میں کہا گیا کہ ضمنی الیکشن مقرر وقت پر ہوگا اور ویڈیو سکینڈل کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ ضمنی الیکشن کی تیاریاں جاری رکھی جائیں گی۔
صوبائی الیکشن کمشین نے ہدایت جاری کی ہیں کہ مبینہ ویڈیو کی رپورٹس منگل تک جمع کرائی جائے۔  
صوبائی الیکشن کمشنر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ویڈیو سکینڈل واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی ویڈیو سکینڈل کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ ضمنی الیکشن کی تیاریاں بھی جاری رکھیں۔ ضمنی الیکشن بروقت ہوں گے۔ ویڈیو سکینڈل کی رپورٹ الیکشن کمیشن اسلام آباد بھجوائی جائے گی اور مبینہ ویڈیو کی رپورٹس کل جمع کرائی جائے گی۔‘ 
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کو انتخابی معاملات میں مداخلت کرنے پر 50  ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے جس میں ان پر الزام ہے کہ بار بار وارننگ کے باوجود انہوں نے ضوابط کو مد نظر نہیں رکھا اور مسلسل خلاف وزریاں کیں۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو بھی فلیکس لگانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ 
لاہور کا حلقہ این اے 133 پوش اور گنجان دونوں طرح کی آبادیوں پر مشتمل ہے۔ یہ حلقہ لاہور کے علاقوں جوہر ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن لنک، فیصل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، کوٹ لکھپت، وفاقی کالونی، لیاقت آباد اور گرین ٹاؤن وغیرہ پر مشتمل ہے۔  
حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب پانچ دسمبر کو ہو رہا ہے جس کے لیے انتخابی گہما گہمی عروج پر ہے۔یہ وہ نشست ہے جو مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔ 

شیئر: