Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں حضرموت اور المهرہ گورنریٹس کےلیے سعودی ایندھن کی نئی کھیپ

سعودی ترقیاتی اور تعمیر نو کے پروگرام کے تحت فراہم کی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
یمن میں حضرموت اور المهرہ گورنریٹس کو عدن سے سعودی ایندھن کی نئی کھیپ موصول ہوئی ہے جسے مملکت نے یمن کے لیے سعودی ترقیاتی اور تعمیر نو کے پروگرام کے تحت فراہم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حضرموت میں 11 ہزار 300 ٹن ڈیزل بھیجا گیا جس میں آٹھ ہزار 300 ٹن ساحل اور دو ہزار ٹن وادی میں تقسیم کیا گیا جبکہ المهرہ میں بجلی پیدا کرنے والے سٹیشنز کے لیے درکار سپلائی کو پورا کرنے کے لیے چار ہزار ٹن ڈیزل ملا ہے۔
حضرموت اور المهرہ کے لیے نئی کھیپ یمن میں سعودی ایندھن کی پانچویں تقسیم کا حصہ ہے جس کی مقدار 60 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل اور 30 ہزا ر میٹرک ٹن ایندھن کے تیل تک پہنچ گئی ہے۔
اس گرانٹ کے ذریعے سعودی عرب ایندھن کی قیمتوں میں استحکام، تمام اہم شعبوں میں خدمات کو بہتر بنانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی،بجلی کی بار بار کی بندش کو محدود کرنے اور یمنی شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے۔
دریں اثنا ایس ڈی آر پی وائی نے کہا ہے کہ اس نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر برقی توانائی کی کارکردگی میں اضافہ کیا ہے، ہوائی اڈے پر مسافروں اور ایئر لائنز کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانے اور ہر جنیریٹر کے لیے 636 کے وی اے  ایک ہزار 272 کے وی اے کی صلاحیت کے ساتھ دو الیکٹرک جنریٹر فراہم کیے ہیں۔
ایس ڈی آر پی وائی کی جانب سے کی جانے والی سپورٹ ہوائی اڈے پر خدمات کی سطح کو بلند کرنے میں معاون ہے اور ہوائی اڈے کی بحالی کے منصوبے کے حصے کے طور پر اس کے بنیادی ڈھانچے کو سپورٹ کرنے میں ایک معیاری حل فراہم کرتی ہے۔
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام  برائے یمن (ایس ڈی آر پی وائی) نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس نے سوکوترا جزیرے میں چار نئے سکول کھولے ہیں جس سے پانچ ہزار 170 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
ایس ڈی آر پی وائی نے کہا ہے کہ ’پروگرام کے ذریعے بنائے گئے ماڈل سکول ایک اچھا تعلیمی ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو سکولوں کو اپنے تعلیمی پروگراموں اور غیر نصابی سرگرمیوں کو لاگو کرنے کے قابل بناتا ہے۔‘
یہ پروگرام مختلف تعلیمی اداروں کے ذریعے ملازمتیں فراہم کرنے کے علاوہ طلبہ کو راغب کرنے اور جامع تعلیم فراہم کرنے کے لیے سکولوں اور تعلیمی سہولتوں کےلیے ہے۔
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام  برائے یمن نے 204 سے زیادہ ترقیاتی منصوبے اور انیشیٹو فراہم کیے ہیں جو اس نے مختلف یمنی گورنریٹس میں لاگو کیے ہیں جن میں صحت، توانائی،نقل و حمل، پانی، تعلیم، زراعت اور ماہی گیری اور سرکاری اداروں کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔

شیئر: