Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنسی ہراسیت کے الزام پر بھائی کی مدد، سی این این اینکر معطل

انڈریو کیومو نے جنسی ہراسگی کے الزامات سے مہینوں تک لڑنے کے بعد اگست میں استفیٰ دے دیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی نیوز چینل سی این این نے قانونی دستاویزات سامنے آنے کے بعد پرائم ٹائم اینکر کرس کیومو کو معطل کر دیا ہے، جن میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے اپنے بھائی اور نیو یارک کے سابق گورنر اینڈریو کیومو کی جنسی ہراساں کرنے کے الزامات کا مقابلہ کرنے میں مدد کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی دنوں میں دونوں بھائی مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔
جن دنوں کورونا وائرس نے ریاست نیو یارک میں تباہی مچائی ہوئی تھی تو عوام کو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال سے متعلق آگاہ کرنے پر سابق گورنر اینڈریو کیومو کو سراہا جاتا رہا ہے۔ 
دونوں بھائی سی این این پر طنز و مزاح کے ساتھ ایک دوسرے سے بحث و مباحثہ کرتے بھی نظر آتے تھے۔
تاہم اینڈریو کیومو نیو یارک انتظامیہ کی سابق ملازمین سمیت دیگر خواتین کو ہراساں کرنے کے الزامات کا کئی مہینوں سے مقابلہ کر رہے تھے۔
انہوں نے بالآخر اگست میں استعفیٰ دے دیا تھا۔
رواں سال اکتوبر میں 63 برس کے سابق گورنر اینڈریو کیومو پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی خاتون اہلکار کو زبردستی ہاتھ لگایا ہے۔
سی این این کے اینکر کرس کیومو کے خلاف اپنے بھائی کا دفاع کرنے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سی این این کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ’نیو یارک کے اٹارنی جنرل کے دفتر سے پیر کو دستاویزات جاری ہوئی ہیں جو کرس کیومو کی اپنے بھائی کا دفاع کرنے پر روشنی ڈالتی ہیں۔‘

سی این این نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ آگے کے شوز کرس کیومو کی جگہ کون کرے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’دستاویزات، جو رلیز ہونے سے قبل ہمیں موصول نہیں ہوئی تھیں، سوالات کو جنم دیتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ سی این این کی انتظامیہ سمجھتی ہے کہ اینکر کرس کیومو نے اپنے بھائی اینڈریو کیومو کی مدد کر کے اپنے خاندان کو نوکری پر ترجیح دی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نیویارک اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ اینکر کرس کیومو نے اپنے بھائی کے دفاع کی کوششوں میں بڑا کردار ادا کیا ہے جس کا سی این این کو علم نہیں تھا۔
’نتیجتاً ہم نے کرس کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا ہے، اور اس معاملے کی مزید جانچ پڑتال کی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ دونوں بھائی نیو یارک کے سابق گورنر ماریو کیومو کے بیٹے ہیں۔
منگل کو کرس کیومو کے شو کی میزبانی اینڈرسن کوپر نامی اینکر نے کی تھی۔
تاہم سی این این نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ آگے کے شوز کرس کیومو کی جگہ کون کرے گا۔

شیئر: