Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیلسی کے فٹبالر نے تماشائی کو دل کے دورے سے بچا کر ’دل جیت لیے‘

تماشائی کو ہارٹ اٹیک ہونے کے بعد میچ تقریباً 32 منٹ معطل رہا۔ (تصویر: اے ایف پی)
بدھ کی رات کو برطانیہ کے واکریج روڈ سٹیڈیم میں چیلسی اور واٹفورڈ فٹبال کلب کے درمیان میچ شروع ہونے کے صرف 14 منٹ بعد تقریباً 32 منٹ کے لیے روک دیا گیا تھا۔
پریمیئر لیگ کے اس میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی کھیل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے کہ اچانک چیلسی کے لیے کھیلنے والے ہسپانوی پلیئر مارکوس آلونسو کو تماشائیوں کے سٹینڈ میں کچھ گڑبڑ نظر آئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آلونسو کسی شخص کو تماشائیوں کی طرف انگلی کے اشارے سے کچھ بتا رہے ہیں۔
کچھ منٹوں بعد یہ عقدہ کھلا کہ دراصل سٹینڈ میں بیٹھے ایک فٹبال فین کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی اور آلونسو کی نظر نے ہزاروں تماشائیوں میں بیٹھے اس شخص کو دیکھ لیا۔

بعد میں پتا چلا کہ اس فین کو دراصل میچ کے دوران ہارٹ اٹیک ہوا تھا اور آلونسو کے توجہ دلانے پر انہیں بروقت طبی امداد مہیا کردی گئی۔
میچ تقریباً 32 منٹ رکا رہا اور اس کے بعد واٹفورڈ فٹبال کلب کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ کھلاڑی گراؤنڈ میں واپس آچکے ہیں اور کھیل دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
اس ٹویٹ میں فٹبال کلب کا مزید کہنا تھا کہ سٹینڈ میں بیٹھے فٹبال فین کی حرکت قلب بند ہوگئی تھی لیکن اب ان کی حالت بہتر ہے۔
’طبی عملے، کھلاڑیوں اور پرستاروں کے بروقت ردعمل پر شکریہ۔‘

چیلیسی کے دفاعی مڈفیلڈر آلونسو اس وقت ٹوئٹر پر اپنی حاضر دماغی اور تیزنظروں کا استعمال کرتے ہوئے فٹبال فین کی جان بچانے کی وجہ سے ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک ہیں۔
توئٹر پر راف نامی چیلسی کے فین نے لکھا کہ ’مارکوس آلونسو مجمع میں بیٹھے فین کو جسے مدد کی ضرورت تھی اسے تلاش کرنے پر داد کے مستحق ہیں۔‘

نووا نامی ٹوئٹر صارف نے آلونسو کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’مارکوس آلونسو نے آج دل جیت لیے، بندے نے جان بچائی ہے۔‘

یہ میچ چیلسی نے واٹفورڈ کے ہوم گراؤنڈ میں 2-1 سے جیت لیا اور اس وقت پریمیئر لیگ میں 10 میچز جیت لینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل ہر سرفہرست ہے۔

شیئر: