Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اچانک سینکڑوں ٹوئٹر فالوورز کم ہو گئے، کچھ گڑبڑ ہے کیا؟‘

متعدد انڈین صارفین نے ٹوئٹر فالوورز کم ہونے کی شکایت کی (فوٹو: اے ایف پی)
یوں تو سوشل میڈیا استعمال کرنے والے صارفین ہر ملک میں ہی ٹوئٹر کو کم یا زیادہ استعمال کرتے ہیں البتہ انڈیا ان ملکوں میں ہے جہاں ٹوئٹر کے صارفین کی تعداد نسبتا زیادہ ہے۔ انٹرنیٹ اینالیٹکس سے متعلق کچھ ادارے انڈیا کو تعداد کے اعتبار سے ٹوئٹر استعمال کرنے والا تیسرا بڑا ملک مانتے ہیں۔
جمعرات کو سہ پہر کے بعد انڈیا میں ٹوئٹر ٹائم لائنز پر متعدد صارفین نے یہ شکایت کی ان کے ٹوئٹر فالوورز اچانک کم ہو گئے ہیں۔
کسی نے اپنے فالوورز کی تعداد میں اچانک کمی کا ذکر کیا تو دوسروں سے ایسا ہونے کی وجہ جاننا چاہی تو کوئی ٹوئٹر کی جانب سے چھ مختلف ملکوں میں پروپیگنڈہ اکاؤنٹس بند کیے جانے کی اطلاع شیئر کرتا رہا۔

جمعرات ہی کے روز یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ٹوئٹر نے چھ ملکوں سے تعلق رکھنے والے ایسے 3500 اکاؤنٹس بند کیے ہیں جنہیں ’پروپیگنڈا اکاؤنٹس‘ کہا گیا ہے۔
انڈین صارفین کی شکایت سامنے آئی تو کچھ نے ٹوئٹر کو مینشن کر کے وجہ جاننا چاہی کہ اچانک ایسا کیوں ہوا ہے؟ تاہم انہیں فوری طور پر کوئی جواب نہیں مل سکا۔

فالوورز کھونے کا اعلان کرنے والوں کی ٹویٹس پر ریپلائی کرنے والوں میں سے کچھ نے اپنے ساتھ بھی ایسا ہونے کا ذکر کیا تو کچھ اسے مزاح کا رنگ دیتے ہوئے یہ کہتے دکھائی دیے کہ ’آئی ٹی سیل نے ماس انفالو کیا ہے۔‘

فالوورز اچانک کھو دینے کے معاملے پر گپ شپ کے دوران دیگر انڈین صارفین نے اپنا مشاہدہ شیئر کیا تو تصدیق کی کہ بہت سے ٹویپس نے اچانک اپنے فالوورز کھوئے ہیں۔

انڈیا میں ٹوئٹر صارفین کے فالوورز میں اچانک کمی ایک ایسے وقت میں ہوئی جب چند روز قبل مائکروبلاگنگ پلیٹ فارم نے اپنے سی ای او کے طور پر ایک انڈین کا تقرر کیا ہے۔ 2011 میں بطور انجینیئر ٹوئٹر کا حصہ بننے والے پراگ اگروال کو ادارے کا نیا سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔
 
 

شیئر: