Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ نے گھبرانا نہیں‘، سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی وزیراعظم پر تنقید؟

اس گانے کا ٹائٹل ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ دراصل وزیراعظم عمران خان کا تکیہ کلام ہے۔ فوٹو: عمران خان/فیس بک
سربیا میں پاکستانی سفارت خانے نے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
سربیا میں پاکستانی سفارتخانے نے اپنے اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو ٹویٹ کی اور اس کے ساتھ لکھا ’مہنگائی سارے پچھلے ریکارڈ توڑ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان آپ کب تک امید رکھتے ہیں کہ ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے اور تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے اور ہمارے بچے فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سکولوں سے نکالے جارہے ہیں۔‘
’کیا یہ نیا پاکستان ہے؟‘
اس اکاؤنٹ سے جو ویڈیو لگائی گئی ہے وہ دراصل سعد علوی کا ایک گانا ہے جو انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر مزاحیہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے گایا تھا۔
اس گانے کا ٹائٹل ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ دراصل وزیراعظم عمران خان کا تکیہ کلام ہے۔
اس حوالے سے اردو نیوز نے دفتر خارجہ کے ترجمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم یہ خبر شائع ہونے تک ان کا موقف سامنے نہیں آیا۔
اکاؤنٹ ہیک ہوگیا
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کا اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے۔
انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’دفتر خارجہ کی معلومات کے مطابق سربیا میں پاکستان سفارت خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور دفتر خارجہ اس کی انکوائری کررہا ہے۔‘
دفتر خارجہ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ڈاکٹر ارسلان کی بات کی تصدیق کی اور کہا کہ ’سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کرلیے گئے ہیں۔‘

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اکاؤنٹس کی جانب سے پوسٹ کیے جانے والے پیغامات سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے نہیں۔‘

شیئر: