Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کا چوتھا سیزن، کس اداکار نے کتنا معاوضہ وصول کیا؟

سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر پیش کیے جانے والے شو کو ناظرین نے پسند کیا ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا کے مشہور ٹی وی میزبان اور کامیڈین کپل شرما نے اپنے شو کے چوتھے سیزن کے ساتھ واپسی کی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کپل شرما اپنے ٹی وی شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کی ایک قسط ریکارڈ کرانے کا معاوضہ پانچ کروڑ انڈین روپے لے رہے ہیں۔
اس طرح وہ اس وقت انڈیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کامیڈینز میں سرفہرست ہیں۔ اُن کے ساتھ شو میں شامل ہونے والے دیگر اداکاروں کا معاوضہ کتنا ہے یہ بھی اب راز نہیں رہا۔
چوتھے سیزن کے پہلے شو میں پرینکا چوپڑا کی موجودگی نے ٹی وی سیریز کی ریٹنگ کو مزید بڑھا دیا جبکہ آخری قسط میں سُنیل گروور نے اداکار عامر خان کی ایسی نقل اُتاری کہ بہت سے ناقدین بھی اس کو سراہے بغیر نہ رہ سکے۔
دیکھنے والوں نے کہا کہ اس قدر بہترین نقالی کہ عامر خان خود بھی شاید اس طرح نہ کر سکیں۔ ’تھری ایڈیٹس‘ کے اداکار نے بھی اپنی نقل اُتارنے پر سنیل گروور کی تعریف کی۔
’دی گریٹ کپل شو‘ جس وقت ہر طرف زیرِبحث ہے اِس میں کام کرنے والے دیگر کرداروں کے معاوضے کے بارے میں بھی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
سُنیل گروور کو اس سیزن میں بھی سامعین کو سکرین کے سامنے بیٹھے رہنے پر مجبور کرنے والا سب سے مضبوط کردار قرار دیا گیا ہے۔ وہ ایسے کامیڈین ہیں جو کردار میں ڈُوب جاتے ہیں اور اپنے برجستہ جملوں سے دیکھنے سننے والوں کو قہقہے لگانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
گزرتے برسوں میں وہ اس شو کے ایک لازمی کردار کے طور پر اپنی جگہ بنا چکے ہیں جن کو ناظرین دیکھنا چاہتے ہیں۔
لیکن اُن کا معاوضہ کپل شرما سے بہت زیادہ کم ہے۔ ایشیا نیٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق سنیل گروور کو سیزن چار میں فی قسط 25 لاکھ انڈین روپے معاوضہ دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ معاوضہ اُن کو سیزن تین میں دیے گئے معاوضے سے کچھ بہتر ہے کیونکہ کپل شرما شو میں اُن کی موجودگی اس کی ریٹنگ بڑھا رہی ہے۔

بعض رپورٹس کے مطابق کرشنا ابھیشک کی دولت کا تخمینہ 40 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے (فائل فوٹو: انڈین میڈیا)

نیٹ فلکس کی اس سیریز کے لیے میزبان اور کامیڈین کپل شرما نے فی قسط پانچ کروڑ روپے معاوضہ وصول کیا جو گذشتہ سیزن میں وصول کیے گئے معاوضے کے قریب ہی ہے۔
کرشنا ابھیشک بھی کپل شرما شو میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے جان ڈال دیتے ہیں۔ سیاست ڈاٹ کام کی ایک رپورٹ کے مطابق کرشنا ابھیشک نے چوتھے سیزن میں فی قسط 10 لاکھ روپے معاوضہ وصول کیا۔
وہ اس کے علاوہ لائیو سٹیج شوز، ٹی وی ڈرامے اور مختلف برانڈز کے اشتہاروں کے ذریعے بھی اپنی آمدنی کو بڑھا رہے ہیں۔
بعض رپورٹس کے مطابق کرشنا ابھیشک کی دولت کا تخمینہ 40 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
شو کے ایک اور کردار کیکو شردا نے چوتھے سیزن میں واپسی کی ہے۔ اُن کے معاوضے کے بارے میں درست اعدادوشمار دستیاب نہیں، تاہم انڈسٹری میں اڑتی افواہوں کے مطابق وہ بھی دیگر اداکاروں کے برابر معاوضہ وصول کر رہے ہیں۔
سیاست دان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو مختلف رپورٹس کے مطابق فی قسط 30 سے 40 لاکھ انڈین روپے کا معاوضہ دیا جاتا ہے۔
اپنے قہقہوں سے کپل شرما شو میں جان ڈالنے والی ارچنا پورن سنگھ نے چوتھے سیزن میں اندازاً 10 سے 12 لاکھ روپے معاوضہ وصول کیا۔

 

شیئر: