Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ گم ہونے پر نیا کارڈ بنوانے کا طریقہ کار کیا ہے، جرمانہ ہوگا؟

اقامہ کارڈ گم ہونے کے بعد نیا حاصل کرنے کے لیے جرمانے کی ادائیگی لازمی ہے (فوٹو: جوازات)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کو جاری کیے جانے والے رہائشی پرمٹ کو اقامہ کہا جاتا ہے۔ اقامہ کارڈ پہلے پانچ برس کے لیے جاری کیا جاتا تھا، تاہم دو برس قبل نئے اقامہ کارڈز پرایکسپائری کی تاریخ ختم کردی گئی ہے جس کے بعد اقامہ کارڈ دوبارہ پرنٹ کرانے کی ضرورت نہیں، البتہ کارڈ کی تجدید سالانہ بنیادوں پرسسٹم کے ذریعے مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد کی جاتی ہے۔ 
اقامہ کارڈ کی گمشدگی پردوسرا کارڈ حاصل کرنے کی کارروائی کی جاتی ہے جسے عربی میں ’بدل فاقد‘ یعنی گمشدہ کارڈ کے بدلے میں دوسرے کارڈ کا اجرا‘ کہا جاتا ہے۔
گمشدہ کارڈ کے بدلے میں نیا کارڈ جاری کرانے کے حوالے سے ایک شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا ’میرا اقامہ کارڈ گم ہوگیا ہے دوسرا کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ کار کیا ہے، کیا اس کے لیے جرمانہ ادا کرنا ہوگا؟‘
اس حوالے سے جوازات کی جانب سے گمشدہ کارڈ کے بدلے میں دوسرا کارڈ جاری کرانے کا طریقہ کارمقرر کیا گیا ہے۔
اقامہ کارڈ گم ہونے پر دوسرا کارڈ حاصل کرنے کے لیے جرمانے کی ادائیگی لازمی ہے۔
اقامہ کارڈ گم کرنے کی صورت میں ایک ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے۔ جوازات کی جانب سے مقررہ کردہ ضوابط کے تحت اقامہ کارڈ گم ہونے پر اس کے بارے میں سب سے پہلے جوازات کے متعلقہ شعبے کو مطلع کرنا ضروری ہے، وہ علاقے جہاں جوازات کے ذیلی دفاتر نہیں، وہاں علاقے کے پولیس سٹیشن میں اقامہ گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی جائے۔ 
رپورٹ درج کراتے وقت کارڈ گم ہونے کے مقام کی بھی نشاندہی کرنا ضروری ہے۔ جرمانے کی ادائیگی اورجوازات کو مطلع کرنے کے بعد اقامہ ہولڈر کے سپانسر کی جانب سے جوازات کو درخواست دینا ہوتی ہے، جس میں دوسرا اقامہ کارڈ جاری کرنے کے حوالے سے وضاحت درج کرتے ہوئے اقامہ گم ہونے کے مقام اور تاریخ کی بھی وضاحت کی جائے۔ 

اقامہ گم ہونے پر ورک ویزے پر موجود افراد خود جوازات سے رجوع نہیں کر سکتے بلکہ سپانسر یا اس کا مقرر کردہ نمائندہ ہی ایسا کر سکتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

جوازات کو دی جانے والی درخواست کے ساتھ جس شخص کا اقامہ گم ہوا ہے ان کے پاسپورٹ اور گمشدہ اقامہ کی کاپی ( اگردستیاب ہو) بھی لگائی جائے۔ 
جوازات کے ادارے میں اقامہ گم ہونے پردوسرا کارڈ حاصل کرنے کے لیے مقررہ فارم موجود ہوتا ہے جسے بھرکر مذکورہ درخواست اورپاسپورٹ کی فوٹو کاپی کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ 
اگر گم شدہ اقامہ کی مدت میں ایک برس یا اس سے کم وقت باقی ہے تو ایک برس کی فیس ادا کی جائے گی جو کہ پانچ سو ریال ہوتی ہے۔ یہ فیس جرمانے کی رقم کے علاوہ ہو گی۔  
واضح رہے جوازات کے قانون کے مطابق سعودی عرب میں ورک ویزے پر رہنے والے کارکن اپنے اقامے کے معاملات کے لیے خود جوازات کے دفتر سے رجوع نہیں کر سکتے بلکہ کارکن کا سپانسر یا اس کا مقرر کردہ نمائندہ جسے سپانسر کی جانب سے مختار نامہ جاری کیا گیا ہو، وہی جوازات کے دفتر سے رجوع کر کے کارکن کے اقامہ یا دیگر معاملات کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ البتہ غیر ملکی کارکنوں کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی زیر کفالت اہل خانہ کے اقامہ کی تجدید یا دیگر معاملات کے حوالے سے جوازات کے ادارے سے رجوع کر سکتے ہیں۔

شیئر: