Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جو اس دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اس کا یہاں کیا ہے،‘ آصف زرداری کی ن لیگ پر تنقید

آصف علی زرداری نے کہا کہ ’مجھے توقع تھی کہ ہم پچاس ہزار ووٹ لیں گے لیکن لوگ گھروں سے کم نکلے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپنے ان سیاسی مخالفین سے ہر جگہ لڑیں گے جو پاکستان مخالف ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں ایک پارٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی نے یہ تقریب حال ہی میں منعقد ہونے والے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات میں الیکشن 2018 کی نسبت زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی خوشی میں رکھی تھی۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’مجھے توقع تھی کہ ہم پچاس ہزار ووٹ لیں گے لیکن لوگ گھروں سے کم نکلے۔‘
انہوں نے نواز شریف کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی ’ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں جو اس دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا  اس کا یہاں کیا ہے؟  پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جیلیں کاٹی ہیں پاکستان میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں بھٹو صاحب نہ بستے ہوں بے نظیر کی بات ہی اور ہے۔‘
آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ’دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے مگر ہم بچائیں گے۔ 1977 کے بعد میاں صاحب  حلقے  ذات برادری کی بنیاد پر بناتے رہے۔ ہم پورے پنجاب میں ہر حلقہ تبدیل کریں گے کیونکہ ن لیگ والے ہماری دھرتی کے خلاف ہیں، جو دھرتی میں نہیں مرنا چاہتا اسکے پاس کیا ہے۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب میں ہماری کمزوریاں ہمارے آگے آتی ہیں۔ دنیا پاکستان کو توڑنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ پورے پنجاب میں ہر جگہ ہر محلے میں ہم ان سے لڑیں گے یہ پاکستان کے خلاف ہیں۔‘
خیال رہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین پر اس وقت تنقید کی جب ایک طرف پی ڈیم ایم نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی لاہور کے حلقہ این اے 133 میں بتیس ہزار ووٹ لینے کو اپنی کامیابی سمجھ رہی ہے۔

شیئر: